این ڈی اے میں جنتادل یو شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-20

این ڈی اے میں جنتادل یو شامل

جنتادل یو، این ڈی اے میں شامل
شرد یادو کے خلاف کارروائی کا اشارہ۔ کے سی تیاگی کا بیان
پٹنہ
یو این آئی
مہا گٹھ بندھن چھوڑنے کے چار ہفتے بعد جنتادل یو آج باقاعدہ این ڈی اے میں شامل ہوگئی ۔ اس نے آج یہاں اپنے قومی عاملہ اجلاس میں ایک قرار داد منظور کی۔ چیف منسٹر نتیش کمار کی سرکاری قیام گاہ1اینی مارگ پر جنتادل یو کے قومی عاملہ اجلاس میں اس سلسلہ میں تجویز پیش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا ۔ چیف منسٹر نے 26جولائی کو مہا گٹھ بندھن سے ناطہ توڑ کر بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے سے ناطہ جوڑلیا تھا اور بہار میں نئی حکومت تشکیل دی تھی ۔ آئی اے این ایس کے بموجب جنرل سکریٹری جنتادل یو کے سی تیاگی نے پارٹی کے بی جے پی زیر قیادت نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس( ای ڈی اے) میں شامل ہونے کے فیصلہ کا رسمی اعلان کیا۔ اس سلسلہ میں قرار داد اتفاق رائے سے منظور ہوئی۔ ایک سینئر پارٹی قائد نے کہا ہک آج سے ہم این ڈی اے کا حصہ بن گئے ۔ پٹنہ سے آئی اے این ایس کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار کی زیر قیادت جنتادل یو نے ہفتہ کے دن اشارہ دیا کہ باغی قائد شرد یادو نے27اگست کو آر جے ڈی ریالی میں اگر شرکت کی تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ جنرل سکریٹری جنتادل یو کے سی تیاگی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ پارٹی نے شرد یادو کے خلاف ان کی پارٹی مخالف سر گرمیوں کے لئے کارروائی ان کی سینا ریٹی اور پارٹی سے ان کی دیرینہ وابستگی کی وجہ سے نہیں کی۔ تیاگی نے کہا کہ یادو نے از خود پارٹی چھوڑی اور وہ اب جذباتی یا جسمانی لحاظ سے ہمارے ساتھ نہیں ہیں ۔ پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس کے بعد جو یہاں چیف منسٹر کی سرکاری قیام گاہ پر منعقد ہوا ۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت میں تیاگی نے الزام عائد کیا کہ شرد یادو اپنے حامیوں اور آر جے ڈی ارکان کے ساتھ علیحدہ اجلاس منعقد کر کے مخالف پارٹی سر گرمیوں میں ملوث ہورہے ہیں ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ شرد یادو نے ہمیشہ نتیش کمار مخالف موقف اختیار کیا چاہے وہ نوٹ بندی، سرجیکل حملے یا خواتین کے تحفظات کا معاملہ ہو۔
پٹنہ سے آئی اے این ایس کی علیحدہ اطلاع کے بموجب شرد یادو کا جنتادل یو گروپ پارٹی کے نشان تیر پر اپنا دعویٰ پیش کرنے الیکشن کمیشن سے رجوع ہوگا ۔ ایک پارٹی قائد نے یہ بات بتائی۔ شرد یادو کے قریبی سمجھے جانے والے سینئر جنتادل یو قائد ارون سریواستو نے کہا کہ ہم پارٹی کے انتخابی نشان تیر پر اپنا دعوی پیش کرنے الیکشن کمیشن کے دروازہ پر عنقریب دستک دیں گے ۔

JD(U) joins NDA

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں