صدارتی الیکشن - بی جے پی اتفاق رائے کی خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-06-13

صدارتی الیکشن - بی جے پی اتفاق رائے کی خواہاں

12/جون
نئی دہلی
آئی اے این ایس
بی جے پی نے پیر کے دن کہا کہ وہ صدارتی الیکشن کے لئے متفقہ امید وار چاہتی ہے۔ اس نے دیگر سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لئے سینئر وزراء کی سہ رکنی کمیٹی قائم کی ہے ۔ بی جے پی کے دو سابق صدور راج ناتھ سنگھ(داخلہ) ایم وینکیا نائیڈو شہری ترقیات اور وزیر فینانس ارون جیٹلی اس کمیٹی کے ارکان ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ بی جے پی نے کہا کہ کمیٹی مختلف سیاستی جماعتوں سے بات چیت کرے گی اور اتفاق رائے کی کوشش کرے گی۔ صدارتی الیکشن17جولائی کو ہوگا ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی میعاد24جولائی کو ختم ہوجائے گی ۔ بی جے پی نے اپنے امکانی امید وار کے تعلق سے تا حال کوئی اشارہ نہیں دیا ہے ۔

نئی دہلی
آئی اے این ایس
اپوزیشن جماعتوں کا14جون کو اجلاس ہوگا تاکہ صدرو نائب صدر جمہوریہ کے الیکشن کے لئے باقاعدہ بات چیت شروع ہوجائے گی ۔ کانگریسی صدر سونیا گاندھی نے جولائی میں منعقد شدنی الیکشن کے لئے اپوزیشن جماعتوں کومشترکہ پلیٹ فارم پر لانے کی پہل کی ہے ۔ انہوں نے جاریہ ماہ اپوزیشن جماعتوں کا دس رکنی سب گروپ تشکیل دیا تھا تاکہ بات چیت آگے بڑھے ۔ایک سینئر اپوزیشن قائد نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں کے سب گروپ کا اجلاس14جون کو منعقد ہوگا تاکہ صدرو نائب صدر جمہوریہ کے الیکشن کے لئے باقاعدہ بات چیت شروع ہو۔ سب گروپ میں کانگریس قائدین غلام نبی آزاد اور ملیکار جن کھرگے ، جنتادل یو قائد شرد یادو ، آر جے ڈی قائد لالو پرساد ، سی پی آئی ایم قائد سیتا رام یچوری ، ٹی ایم سی قائد ڈیریک اوبرائن، سماج وادی پارٹی کے رام گو پال یادو، بی ایس پی کے ستیش چندر مشرا، ڈی ایم کے قائد ار ایس بھارتی اور این سی پی کے پرفل پٹیل شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے گزشتہ ہفتہ اعلان کیا تھا کہ اگلے صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لئے الیکشن17جولائی کو منعقد ہوگا ۔ ووٹوں کی گنتی20جولائی کو ہوگی۔13ویں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی میعاد چوبیس جولائی کو ختم ہوگی ۔ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی میعاد اگست میں مکمل ہوجائے گی ۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نامزدگیوں کا ادخال چودہ جون سے شروع ہوگا ۔ آخری تاریخ اٹھائیس جون ہوگی۔ جانچ انتیس جون کو ہوگی اور نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ یکم جولائی ہوگی ۔ کئی اپوزیشن جماعتیں متفقہ امید وار تلاش کرنے تبادلہ خیال کرچکی ہیں لیکن انہوں نے طے کیا ہے کہ بر سر اقتدار اتحاد کے ان سے ربط پید اکرنے تک انتظار کیاجائے ۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ امید وار پر اتفاق رائے نہ ہو تو وہ اپنا امید وار میدان میں اتارے گی جو دستوری اقتدار کا پوری قوت سے دفاع کرے گا۔

Presidential election: BJP seeks consensus

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں