غیر قانونی مسالخ کی برخواستگی اترپردیش حکومت کی ترجیح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-03-25

غیر قانونی مسالخ کی برخواستگی اترپردیش حکومت کی ترجیح

غیر قانونی مسالخ کی برخواستگی اترپردیش حکومت کی ترجیح
مویشیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرحدات پر نظر۔ چیف سکریٹری یوپی کا بیان
لکھنو
پی ٹی آئی
اتر پردیش کے چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت غیر قانونی طور پر قائم مسالح کو ترجیحی طور پر ختم کردینے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں حکام کی جانب سے ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔ پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر قائم مسالخ کو ختم کرنے کے اقدامات کریں اور مویشیوں کی اسمگلنگ کے تعلق سے بھی فوری ضروری کارروائی کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مویشیوں کو اسمگل کرکے لانے والے افراد کے نام بھی موضع کی کرائم نوٹ بکس میں درج کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں اتر پردیش کی سرحدات پر اسمگلرس اور ان کی سر گرمیوں پر نظر رکھی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں انٹلی جنس کی خدمات بھی حاصل کرتے ہوئے غیر قانونی سر گرمیوں کا تدارک کیاجائے گا۔ یہ کام آتیہ ناتھ یوگی حکومت کی جانب سے جلع عہدیداروں کو دی گئی تازہ ہدایات کے مطابق کیاجارہا ہے ۔آج جاری کردہ مکتوب میں اتر پردیش کے چیف سکریٹری راہول بھٹناگرنے ضلع کے مجسٹریٹس اور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈس کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر قائم مسالخ اور مویشیوں کی منتقلی پر نظر رکھیں ،کیوں کہ یہ حکومت کی ترجیح ہے ۔ اتر پردیش میں پچاس سے زائد افرادکو گرفتار کرلیا گیاہے اور 27ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں اور تاکہ غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے مسالخ کو ختم کرنے کی راہ ہموار ہوسکے۔مکتوب میں بھٹناگر نے کہا کہ تمام75اضلاع میں قائم مسالخ کی تنقیح کی جائے گی اور جہاں کہیں ضرور ت ہو سخت کارروائی بھی کرتے ہوئے غیر قانونی سر گرمیوں کا تدارک کیاجائے گا۔ اس سلسلہ میں مقامی انٹلیجنس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ ریاستی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مویشیوں کی خرید و فروخت کے تعلق سے بھی معلومات حاصل کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ مویشیوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے سرحدات پر ضروری انتظامات بھی کئے جائیں گے ۔
مظفر نگر
پی ٹی آئی
پولیس نے نے آج یہاں بتایا ہے کہ دو افراد کو ضلع شاملی میں گرفتار کرلیا گیا ہے ، بتایاجاتا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بھینسوں کو ذبح کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ پولیس نے مزیدبتایا کہ آزاد چوک علاقے کے ایک مکان سے چھ بھینسیں برآمد ہوئی ہیں۔ یہ مکان شاملی شہر میں واقع ہے ۔ پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں دھاوا کیا گیا اور دو افرادکو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ پولیس کے عہدیدار نے مزیدبتایا کہ دلنواز اوررفیق کو اس وقت گرفتارکیاگیاجب وہ بھینسوں کو ذبح کرنے کی کوشش کررہے تھے اور اس سلسلہ میں ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ہے ۔ حکومت اتر پردیش کی جانب سے غیر قانونی طور پر قائم مسالخ کو بندکرنے کے سخت اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ یوگی آدتیہ ناتھ کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد سے ریاست میں گوشت کی دکانات بھی بند کروائی جارہی ہیں ۔

Crackdown on illegal slaughtering is 'priority', UP chief secy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں