دہشت گردوں کے مددگاروں کو بخشا نہیں جائے گا - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-12

دہشت گردوں کے مددگاروں کو بخشا نہیں جائے گا - وزیراعظم مودی

لکھنو
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج روایت کو توڑتے ہوئے لکھنو میں تاریخی رام لیلا تقاریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ دہشت گردوں کی مدد کرتے ہیں اور انہیں پناہ فراہم کرتے ہیں انہیں بخشا نہیں جائے گا لیکن انہوں نے سرجیکل اسٹرائیکس کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔ اپنی زائد از 20منٹ کی تقریر میں دہشت گردی کو مرکزی موضوع بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی بد ترین دشمن ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف ایک زبان میں بولیں تاکہ اسے ختم کیاجاسکے ۔ انہوں نے بظاہر پاکستان کے حوالہ سے اس کا نام لئے بغیر کہا کہ دہشت گردی کی کوئی سرحدیں نہیں ہیں ۔ وہ سب کو تباہ کرسکتی ہیں۔ یہ ضرورت پیدا ہوئی ہے کہ جو لوگ دہشت گردی کو پھیلاتے ہیں انہیں ختم کیاجائے ۔ جو لوگ دہشت گردوں کی مدد کرتے ہیں اور انہیں پناہ دیتے ہیں انہیں اب بخشا نہیں جائے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے ۔ پوری دنیا اس سے تباہ ہورہی ہے ۔ یہ ایسا وائرس ہے جس سے ہمارے معاشرے متاثر ہورہے ہیں ۔ دنیا کی تمام طاقتوں کو ایک زبان میں بولتے ہوئے اس کا خاتمہ کرنا چاہئے ۔ دہشت گردی کا صفایا کئے بغیر انسانیت کو بچانا ممکن نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی طاقتوں کو دنیا بھر میں متحد ہوتے ہوئے اس خطرہ کو مٹانا چاہئے ۔ مودی دہلی کے باہر رام لیلا کے پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے وزیر اعظم بنے اور آئندہ سال کے اوائل میں اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے تناظر میں عیش باغ میں رام لیلا تقاریب میں ان کی شرکت کافی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس دسہرہ کے موقع پر دہشت گردی کی تباہی کو موضوع بنایا گیا تھا ۔ مودی نے کہا کہ کسی کو بھی یہ غلط فہمی نہیں رکھنی چاہئے کہ وہ دہشت گردی سے محفوظ ہے ۔ کیوں کہ دہشت گردی کی کوئی سرحد ، کوئی اخلاقیات نہیں ہین ۔ وہ کہیں بھی جاسکتی ہے ۔ وہ انسانیت کو کچلنے کے درپے ہے ۔ ہم سب کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس سے متاثر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے ہم شام کی ایک چھوٹی بچی کی تصویر دیکھ رہے ہیں اور آج جب ہم راون کو جلا رہے ہیں تو تمام انسانوں کو دہشت گردی سے لڑنے کا عزم کرنا چاہئے کیونکہ اسے ختم کئے بغیر انسانیت کو نہیں بچایا جاسکتا ۔ فرقہ پرستی ، ذات پات کے نظام اور اقربا پروری کو سماجی برائیوں کی شکلیں قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان راونوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ مودی نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ ملک وجئے دشمی منارہا ہے دوسری طرف دنیا بچیوں کا دن منارہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ دختر کشی کی لعنت کو ختم کریں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں