دہشت اور نفرت کبھی کامیا ب نہیں ہو سکتے - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-04

دہشت اور نفرت کبھی کامیا ب نہیں ہو سکتے - راہول گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر کے بارہمولہ میں بی ایس ایف اور فوج کے دو متصل کیمپوں پر فدائن حملوں کی مذکت کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ دہشت گرد ی اور نفرت کبھی بہادری اور ہمارے فوجیوں کے عزم کے خلاف کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا بارہمولہ میں فوجی اڈے پر حملہ کی پرزور مذمت کرتا ہوں ۔ ہمارے بہادر جوانوں کی دلیری اور عزم کے آگے دہشت اور نفرت کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ واضح رہے کہ اس حملہ میں بی ایس ایف کا ایک جوان شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا ۔ مسلح دہشت گردوں نے کل رات بارہمولہ میں راشٹریہ رائفلس اور بارڈر سیکوریٹی فورس کے ایک کیمپ پر حملہ کردیا تھا ، جس کے نتیجہ میں سیکوریٹی فورسس کے ساتھ بندوقوں کی شدید لڑائی ہوئی ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میری دعائیں ہمارے فوجیوں کے ساتھ ہیں، جو ہمارے ملک کی حفاظت اور دفاع کررہے ہیں ۔ میں جان قربان کرنے والے شہید فوجی کو بھی سلام کرتا ہوں ۔

دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے لائن آف کنٹرول کے اس پار دہشت گردوں کے اڈوں پر نریندر مودی کی ستائش کی لیکن وزیر اعظم سے کہا کہ وہ پاکستان کو بے نقاب کریں جس نے لائن آف کنٹرول کے اس پار فوجی آپریشن کی تردید کی ہے۔ کجریوال نے ایک ویڈیو پیام میں کہا کہ وہ حملے کرنے کا حکم جاری کرنے پر وزیر اعظم کو ان کی فیصلہ کن کارروائی کے لئے سلام کرتے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی سر براہ نے کہا کہ ہم ایک سو مسائل پر ان سے اختلافات کرسکتے ہیں لیکن میں اس معاملہ میں ان کی قوت ارادی کو سلام کرتا ہوں۔ لیکن انہوں نے وزیرا عظم سے کہا کہ وہ فوجی حملوں کی تردید کی پاکستان کی گندی سیاست کو بے نقاب کریں ۔ انہوں نے سی این این، بی سی سی اور دوسرے عالمی میڈیا کی رپورٹس کا حوالہ دیا جن میں ہندوستان کے دعوے پر شبہات کا اظہار کیا گیا ۔ کیرجو یل نے کہا کہ پاکستان سرجیکل اسٹرائک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے ، اور ہندوستان کی عالمی امیج کو نقصان پہونچانے کے لئے جھوٹ پھیلاجارہا ہے ۔ میں وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان کے جھوٹ کو بے نقاب کریں۔ کجریوال نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب ایک دن پہ لے ہی پاکستانی فوج بین الاقوامی صحافیوں سے بھری ایک بس کو لائن آف کنٹرول کے پاس لے گیا تاکہ یہ بات صاف کی جاسکے کہ سرحدی علاقوں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے اور کوئی سرجیکل اسٹرائکس نہیں ہوئے ۔ کجریوال نے کہا کہ اس رپورٹ کو دیکھنے کے بعد میرا خون کھول اٹھا ۔ انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے اقوام متحدہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر ایسی کوئی سرگرمی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ جس طرح انہوں نے فوج اور پاکستان کو زمین پر سبق سکھایا ہے انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ پورا ملک آپ کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ہم وطنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی جھوٹی مہم پر یقین نہ کریں۔ اس دوران بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے مقبوضہ کشمیر میں سرجیکل اسٹرائکس کے مرکز کے فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ سرحد پار دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کے لئے پورا ملک متحد ہے ۔ جنتادل یو کے قومی صدر نے بارہمولہ میں فوجی کیمپ پر حملہ کی کوشش کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں سرحد پر ہوتی رہتی ہیں اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔

Terror, Hatred Can Never Succeed: Rahul Gandhi On Baramulla Attack

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں