کاویری بورڈ کی تشکیل - مرکز کو ہدایت دینے کا اختیار عدالت عالیہ کو نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-04

کاویری بورڈ کی تشکیل - مرکز کو ہدایت دینے کا اختیار عدالت عالیہ کو نہیں

نئی دہلی
آئی اے این ایس
مرکز نے آج سپریم کورٹ سے کہا کہ وہ اسے کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کی ہدایت دینے کا اختیار نہیں رکھتا، کیوں کہ یہ کاویری آبی تنازعات ٹریبونل کی صرف ایک سفارش ہے اور حکومت اس کی تعمیل کرنے کی پابند نہیں ہے ۔ اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے سپریم کورٹ کے30ستمبر کے احکام میں ترمیم کے لئے جن میں کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کی ہدایت دی گئی تھی، یہ درخواست پیش کی۔ جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس آدے اومیش للت پر مشتمل بنچ منگل کو دو بجے دن سماعت مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو یہ یاددہانی کرائی کہ گزشتہ سماعت کے موقع پر انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ مرکز 4اکتوبر تک کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل عمل میں لائے گا ۔ اٹارنی جنرل نے بنچ کو بتایا کہ انہوں نے کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کا وعدہ کرتے ہوئے غلطی کی تھی۔ دوسری جانب بنچ نے کرناٹک سے سوال کیا کہ اس نے پانی کیوںجاری نہیں کیا ہے ۔ سینئر وکیل نپھاڑے ، ٹاملناڈو کی طرف سے پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ کرناٹک نے عدالت کی ہدایت کے مطابق ابھی تک پانی جاری نہیں کیا ہے ۔ عدالت نے حکومت کرناٹک کے وکیل سے دریافت کیا کہ کیا آپ نے کچھ پانی جاری کیا ہے؟ ہمارے حکم کی کم از کم جزوی تعمیل کی جاسکتی تھی ۔ ہم آپ کی دشواریوں کو سمجھ سکتے ہیں ۔ اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ30ستمبر کے احکام میں ترمیم کے لئے مرکز کی درخواست کی سماعت کرے، تاہم نپھاڑے نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ آخر اس کی اتنی جلدی کیوں ہے ، جب کہ کرناٹک عدالت کے احکام کی تعمیل نہیں کررہا ہے اور نہ کرے گا ۔ نپھاڑے نے عدالت کو بتایا کہ اس
درخواست(30ستمبر کے احکام میں ترمیم کے لئے مرکز کی درخواست) میں بہت کچھ چھپا ہے ۔ اس کی جمعرات کو سماعت کی جائے گی ، کیوں کہ چاہے کچھ ہوجائے ، کرناٹک پانی جاری کرنے والا نہیں ۔

Supreme Court has no authority to ask Centre to set up Cauvery board

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں