بنک قرضہ جات کی عدم ادائیگی 2G سے دس گنا بڑا اسکام - یچوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-16

بنک قرضہ جات کی عدم ادائیگی 2G سے دس گنا بڑا اسکام - یچوری

نئی دہلی
آئی اے این ایس
کارپوریٹ اداروں کے قرضوں کی معافی پر بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے آج کہا کہ قومیائے گئے بینکوں کو خانگی کمپنیوں کی جانب سے ادا نہ کئے جانے والے قرضوں کا اسکام2Gاسپکٹرم اسکینڈل سے دس گنا زیادہ بڑا ہے ۔ سی پی آئی ایم قائد نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور فیس بک پر کہا کہ یہ ایک بہت بڑا اسکام ہے ، جو2G اسپکٹرم سے دس گنا زیادہ بڑا ہے ۔ جب آپ سے کسانوں کے قرض معاف کرنے کے لئے کہاجاتا ہے ، جو مایوسی کے سبب خود کشی کررہے ہیں ، حکومت ایسا کرنے کے لئے آمادہ نہیں ہوتی اور کہتی ہے کہ اس کے پاس کافی وسائل نہیں ہیں، لیکن وہ کارپوریٹ اداروں کے1.12لاکھ کروڑ روپے کے قرض معاف کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکزی حکومت کے حقیقی چہرہ کا عکاسی ہے ۔ یچوری نے جو ’’خراب بینک‘‘ تخلیق کرنے حکومت کے منصوبے کی مخالفت کرتے رہے ہیں، بینکوں کی از سر نو تشکیل کے بجائے قرضوں کی بازیابی پرزور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ خراب بینک قائم کرنے کی تجویز اچھا خیال نہیں ہے ، کیوں کہ اس کی وجہ سے بڑے قرض نادہندگان کو آزاد چھوڑ دیاجائے گا۔ آپ قومیائے گئے بینکوں کی دوبارہ تشکیل نہیں کرسکتے ، تاکہ وہ ایک بار پھر کارپوریٹ اداروں کو قرض دیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ایک مکتوب روانہ کیا ہے اور100سرکردہ کارپوریٹ قرض نا دہندگان کے نام منظر عام پر لانے اور انہیں شرمسار کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے خراب بینک کی تخلیق کی بھی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام رقم جس کا بے جا استعمال ہوا ہے ، عوام کی ہے۔ خراب بینک قائم کرنے کے بجائے حکومت کو چاہئے کہ وہ کارپوریٹ اداروں سے قرضوں کی بازیابی کے لئے فوری اقدامات کرے ۔

Bank Non-performing assets much bigger scam than 2G: Sitaram Yechury

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں