ہندوستان سے بات چیت کے لیے پاکستان خواہاں - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-16

ہندوستان سے بات چیت کے لیے پاکستان خواہاں - نواز شریف

اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیراعظم نواز شریف نے آج یہاں کہا ہے کہ پاکستان‘ ہندوستان کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نئی دہلی کی جانب سے حقیقی معائنہ میں مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کی کوشش کی جائے تو پاکستان اس سلسلہ میں پیشرفت کرنے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی عدم یکسوئی کی وجہ سے علاقہ میں بے چینی پیدا ہوتی جارہی ہے جو کہ قابل تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بات چیت کے لئے کئی مرتبہ پیشکش کی لیکن ہندوستان کا رد عمل حوصلہ افزا نہیں رہا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ان تاثرات اور احساسات کا اظہار کیا باکو آذر بائیجان میں اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا جہاں وہ تین روزہ دورہ پر آئے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں بے چینی کی اہم وجہ کشمیر ہے اس لئے ہندوستان کو چاہئے کہ اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے سنجیدگی سے کوشش کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کی یکسوئی کے لئے پیشرفت کرے۔ خبر رساں ادارہ اسوسی ایٹ پریس آف پاکستان نے نواز شریف کے حوالہ سے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کا خواہاں ہے ۔ اس مقصد کے لئے وہ بات چیت میں پیشرفت بھی کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ مذکورہ تنازعہ کی پر امن طور پر یکسوئی کی راہ ہموار کی جائے ۔ انہوں نے اری میں کئے گئے حملہ کے تعلق سے پاکستان پر ہندوستان کی جانب سے عائد کئے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ ہندوستان چھ گھنٹوں کے بعد ہی اس طرح کے الزامات پاکستان کے خلاف عائد کرنا شروع کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ خط قبضہ کو عبور کر کے کوئی مداخلت کاری نہیں کی گئی۔ باکو سے آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم پاکستان نے آج یہاں کہا ہے کہ وہ کشمیر کے مسئلہ کی یکسوئی کے لئے ہندوستان سے مشاورت کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر ہندوستان کی جانب سے مختلف الزامات عائد کئے جارہے ہیں جب کہ اس تعلق سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ تنازعہ کی یکسوئی کے لیے کوشش کرتا آرہا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی کی جاتی رہی ہے ۔ اس کے باوجود ہندوستان گمراہ کن بیانات دیتے ہوئے کشمیر کے مسئلہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں