ہندوستان اور پاکستان کو کشیدگی دور کرنے امریکہ کا مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-29

ہندوستان اور پاکستان کو کشیدگی دور کرنے امریکہ کا مشورہ

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان دونوں سے خواہش کی ہے کہ وہ اپنے اختلافات کو سفارتی طریقہ کار کے ذریعہ حل کرلیں اور ان کو دور کرنے کے لئے تشدد کا استعمال نہ کریں۔ ہم ہندوستان اور پاکستان کی مسلسل اس بارے میں حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ وہ اپنے اختلافات کو تشدد کے ذریعہ نہیں بلکہ دوسرے طریقوں کے ذریعہ حل کریں اور ان طریقوں کو تلا ش کریں ۔ یو این آئی کے بموجب چونکہ ہندوستان اور بعض دیگر جنوب ایشیائی ممالک نے سارک چوٹی کانفرنس کے بائیکاٹ سے متعلق اپنے فیصلہ کا اعلان کیا ہے ، امریکہ نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ان گروپس کے خلاف کارروائی کرے جو اس کے پڑوسی ملک میں دہشت گردانہ سر گرمیوں میں مصروف ہیں ۔ تاہم امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان دونوں پر زور دیا کہ وہ کشیدگی دور کریں اور تعلقات کومعمول پر لانے کے لئے مذاکرات کے سلسلہ کو برقرار رکھیں ۔، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نائب ترجمان مار ک ٹونر نے واشنگٹن میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ ان گروپس کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان کی سرحدات پر محفوظ پناہ گاہ بنانے کے خواہش مند ہیں۔ ٹونر نے کہا یہ بات دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں ہوگی کہ وہ کشیدگی دور کریں اور رابطہ کے زیادہ سے زیادہ عام طریقہ کار استعمال کریں ۔وائٹ ہاؤز کے پریس سکریٹری جوش ارنیس نے بھی دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی لیکن کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کو ان کے اختلافات دور کرنے کے لئے راہیں تلاش کرنی چاہئیں ۔ تشدد کے ذریعہ نہیں بلکہ سفارتی طریقہ کار کے ذریعہ اختلافات کو دور کیاجانا چاہئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں