نیویارک طاقتور دھماکہ سے دہل گیا - 29 افراد زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-19

نیویارک طاقتور دھماکہ سے دہل گیا - 29 افراد زخمی

نیویارک
پی ٹی آئی
نیویارک کے علاقہ چیلسی میں ایک طاقتور دھماکہ ہوا جس میں29افراد زخمی ہوگئے ۔ نیویارک کے میئر نے اس حملہ کو دانستہ حرکت قرار دیا جو ایک ایسے وقت ہوا جب اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کے لئے عالمی قائدین یہاں پہنچ رہے ہیں ۔ پولیس نے قریب ہی میں وائروں سے مربوط ایک پریشر کوکر بھی پایا۔ یہ دھماکہ نیو جرسی میں ایک کوڑے دان کے اندر پائپ بم دھماکے کے کچھ گھنٹوں بعد ہوا۔ نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے صحافیوں کو بتایا کہ فی الوقت اس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق معلوم نہیں ہوتا ہے تاہم کہا کہ حکام کا ماننا ہے کہ یہ دھماکادانستہ کارروائی تھی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے پوری طرح چوکس ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 27اسٹریٹ میں ہونے والا یہ دھماکا بظاہر پریشر کوکر کو ایک موبائل فون سے منسلک کرکے کیا گیا اور پولیس نے قرب و جوار کے شہریوں کو کھڑکیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ امدادی کارکنان اور پولیس فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی۔ پولیس یہاں رکھے تمام کوڑے دانوں اور کھڑی گاڑیوں کے نیچے تلاشی کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوع کے قریب واقع بس اور سب وے اسٹیشن پر گاڑیوں کی آمد و رفت رک گئی اور یہاں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ پولیس نے قریب ہی واقع دو اہم راستوں سکستھ ایونیو اور سیونتھ ایونیو کو بند کردیا ہے۔ اس واقعے سے قبل ہفتہ کو ہی نیو جرسی میں ایک پائپ بم دھماکا ہوا جس سے کوئی زخمی نہیں ہوا لیکن یہاں فلاحی ادارے کی طرف سے منعقدہ دوڑ کو منسوخ کردیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کرنا تھی ۔ نیو جرسی میں دھماکہ پ ائپ بم کوڑے دان میں رکھ کر کیا گیا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے[ایف بی آئی] اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے ۔ لیکن حکام نے تا حال یہ نہیں کہا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کی کاروائی ہوسکتی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں یہاں سے تین پائپ بم ملے ہیں اور بظاہر ایک ہی بم دھماکے سے پھٹا ہے ۔اس دوران امریکی صدر بارک اوباما کو اس حملہ کی تفصیلا سے واقف کروایاگیا ہے۔ وائٹ ہاؤز کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ صدر کو واقعہ سے متعلق مزید تفصیلات سے واقف کیا جائے گا۔ اوباما نیویارک شہر کا دورہ کررہے ہیں جہاں وہ کل پیش ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لے آئندہ چند روز قیام کریں گے ۔

29 Injured In Bomb Explosion in the Heart of NYC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں