کشمیر کے تمام طبقات کی شکایات کا ازالہ کرنے حکومت تیار - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-13

کشمیر کے تمام طبقات کی شکایات کا ازالہ کرنے حکومت تیار - وزیر اعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں عوام کے تمام طبقات کی شکایات کا دستور کے مطابق ازالہ کرنے کے لئے تیار ہے ۔ تاہم واضح کردیا کہ قومی سالمیت کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعظم نے کشمیر پر کل جماعتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ ایک ماہ سے زیادہ طویل عرصہ سے کشمیر میں جاری تشدد اور بے چینی کی صورتحال پر غور کے لئے منعقدہ کل جماعتی اجلاس تقریبا چار گھنٹے جاری رہا جس میں بعض اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے فی الفور چند بحالی اعتماد اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا جن میں چھروں کی گنوں کے استعمال پر امتناع اور وادی کے کچھ حصوں سے مسلح افواج کے خصوصی قانون افسپا کو استثنیٰ دینے کی تجویز شامل تھی ۔ یہ بھی تجویز دی گئی کہ ایک کل جماعتی وفد صورتحال کا جائزہ لینے کشمیر کا دورہ کرے ، لیکن حکومت نے ان کے کسی بھی مطالبہ پر کوئی تیقن نہیں دیا اور نہ کوئی وعدہ کیا۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مرکز دستور کے بنیادی اصولوں کے مطابق ایک مستقل اور پر امن حل تلاش کرنے کا پابند ہے ، مودی نے کہا کہ ہم سبھی اس قومی جذبہ کے پابند ہیں کہ ملک کی علاقائی سالمیت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ وہیں دستور کے تحت تمام طبقات کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے بھی ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کل جماعتی اجلاس کے پلیٹ فارم سے پاک مقبوضہ کشمیر اور بلو چستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالہ سے پاکستان کی مذمت کی اپیل کی اور کہا کہ اسے وہاں کی جانے والی زیادتیوں پر بین الاقوامی برادری کو جواب دینا ہوگا۔ مودی نے کہا کہ ہمیں کشمیر اور پاک مقبوضہ کشمیر مٰں تمام فریقوں سے لازما بات چیت کرنا ہوگا کیونکہ پاک مقبوضہ کشمیر کے بشمول تمام کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کسی بھی ہندوستان کی طرح وہ بھی سری نگر میں پیش آئے حالیہ واقعات پر سخت تکلیف محسوس کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے ریاست کے مسائل سے بہتر انداز میں نمٹنے پر محبوبہ مفتی حکومت کی ستائش کی ۔ ریاست میں دہش گردی کی سر پرستی کا پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے مودی نے کہا کہ وزارت خارجی امور اب پاک مقبوضہ کشمیر کے باشندوں سے ربط پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔ اور یہ جاننا چاہے گی کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں کیا سوچتے ہیں اس سے دنیا کو واقف کرائیں۔ انہوں نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ مرکز کشمیر کا ایک مستحکم اور پر امن حل تلاش کرنے کا عہد رکھتی ہے ۔ مزید یہ کہ جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کی بھی خواہاں ہے ۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ ہر کشمیری امن چاہتا ہے اور جمہوریت پر اس کا یقین ہے ۔ اسی ہزار کروڑ کے پیاکیج کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت دستور کے دائرہ میں کشمیر کے تمام طبقات کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ کشمیری نوجوانوں کو ریاست کی معاشی سر گرمیوں میں سرگرم حصہ دار بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ وہ تمام سیاسی جماعتوں سے امید کرتے ہیں کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے وہ حکومت کو ٹھوس تعمیری تجاویز دیں گے اور امید ظاہر کی کہ اس کی وجہ سے بد امنی سے متاثرہ ریاست میں امن اور معمول کے حالات بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں