پیلیٹ بندوقوں کا متبادل عنقریب تلاش کر لیا جائے گا - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-26

پیلیٹ بندوقوں کا متبادل عنقریب تلاش کر لیا جائے گا - راج ناتھ سنگھ

سری نگر
پی ٹی آئی
پیلیٹ بندوقیں، جن کے استعمال سے کشمیر میں47 روز سے جاری بے چینی میں بڑی تعداد میں کشمیری زخمی ہوئے ہیں، عنقریب ان کا متبادل تلاش کرلیاجائے گا۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ہجوم کو قابو کرنے والے اس ہتھیار کا متبادل عنقریب سیکوریٹی فورسس کو فراہم کیاجائے گا ۔ سنگھ نے جو ایک مہینہ کے اندر شورش زدہ کشمیر کے دوسری مرتبہ دورہ پر ہیں، یہ بھی کہا کہ وہ انسانیت ، جمہوریت اور کشمیریت کے دائرہ میں جموں و کشمیر کے مسائل پر ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہیں ۔ چیف منسٹر محبوبہ مفتی کے ساتھ موجودہ سنگھ کشمیر دورہ کے دوسرے اور آخری دن صحافیوں کو بتایا کہ دہلی سے کل جماعتی وفد وادی کا دورہ کرے گا اور ملک کے دیگر علاقوں میں مقیم کشمیریوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے نوڈل آفیسر کا تقرر کیاجائے گا۔ اب جب کہ کشمیر میں بے چینی 48ویں روز میں داخل ہوچکی ہے ، سنگھ نے ہندوستان کے مستقبل کو کشمیر کے مستقبل سے مربوط قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر کا مستقبل محفوظ نہیں ہے تو ہندوستان کا بھی محفوظ نہیں رہ سکا ۔ ہجوم کو قابو کرنے کے میکانزم کے طور پر پیلیٹ گنس کے متنازعہ استعمال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سلسلہ میں ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹ آئندہ تین چار دنوں میں ملنے کی توقع ہے ۔ پیلیٹ فائرنگ کے نتیجہ میں متعدد افراد زخمی اور سینکڑوں افراد بینائی سے محروم ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہم پیلیٹ گنس کا متبادل فراہم کردیں گے ۔ ان گنوں کو سابق میں غیر مہلک ہتھیار تصور کیاجاتا ہے لیکن کچھ واقعات ایسے ہوئے کہ ایک ماہ قبل ہم نے ماہرین کی کمٹی قائم کی جس کے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی توقع تھی مگر یہ عنقریب پیش ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی فورسس کو وادی میں مظاہرین سے نمٹنے کے دوران کافی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ صورت حال سے نمٹنے میں چار ہزار سے زائد جوان زخمی ہوگئے۔ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کے عوام کو ہلاکتوں پر تکلیف ہوتی ہے خواہ وہ مقامی نوجوان کی ہو یا پھر جوانوں کی۔ انہوں نے کہا کہ کیا ہم کشمیر کو اس صورتحال سے باہر نہیں نکال سکتے ؟ میں ہر کشمیر ی سے اپیل کرتا ہوں کہ وادی کی مستقبل کی نسل سے کھلواڑ مت کریں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے وادی کشمیر میں قیام امن کی جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا مستقبل پر امن کشمیر کے بغیر ادھورا ہے اور اعلان کیا کہ عنقریب ایک کل جماعتی وفد وادی کا دورہ کرے گا۔ سری نگر میں اپنے قیام کے دوران وزیر داخلہ نے تقریبا تین سو افراد سے ملاقات کی جن میں ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین امل ہیں جن کے ساتھ انہوں نے خوشگوار مذاکرات کئے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہر شخص امن کی بحالی کا خواہاں ہے ، ہم اس صورتحال سے انتہائی غمزدہ ہیں۔ انسانی جانوں کے اتلاف سے ہمیں تکلیف ہوئی۔ علاحدی پسند قائدین کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کو کشمیری نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑنہیں کرنا چاہئے ۔ نوجوانوں کے ہاتھ میں پتھر نہیں کتابیں ، پین اور لیپ ٹاپ ہونے چاہئے ۔ ہم کشمیری نوجوانوں کے مستقبل کو ہندوستان کے مستقبل سے مربوط کررہے ہیں اور میں کشمیری عوام سے ان لوگوں کی شناخت کرنے کی اپیل کرتا ہوں جو بد امنی پیدا کررہے ہیں ۔

Government To Consider Alternatives To Pellet Gun Use In Kashmir, Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں