مجاہدین آزادی کی بے عزتی پر وزیر اعظم معذرت کریں - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-20

مجاہدین آزادی کی بے عزتی پر وزیر اعظم معذرت کریں - کانگریس

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہ بی جے پی نے آزادی کے بعد جتنی مصیبتوں کا سامنا کیا وہ انگریزوں کے دور میں کانگریس قائدین اور مجاہدین آزادی کو در پیش مشکلات سے کہیں زیادہ ہیں ۔ کانگریس نے آج وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے جدو جہد آزادی کی نفی کردی اور مجاہدین آزادی کی بے عزتی کی ہے ۔ اس نے ان سے اس معاملہ میں معذرت کا مطالبہ کیا۔ نئی دہلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں اے آئی سی سی ترجمان آنند شرما نے وزیر اعظم پر الزام عائد کیا کہ وہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے لئے جنہوں نے جدو جہد آزادی میں حصہ ہی نہیں لیا ، جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے تاریخ کو توڑ مروڑ رہے ہیں۔ وزیر اعظم کو اپنے عہدہ کا وقار برقراررکھنا چاہئے اور سچ بولنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے چونکا دینے والا بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد بی جے پی نے انگریزوں کے دور میں کانگریس اور مجاہدین آزادی کو در پیش مصیبتوں سے زیادہ مشکلات جھیلی ہیں۔ شرما نے کہا کہ یہ تاریخی جھوٹ ہے ۔ وزیر اعظم کو اپنے عہدہ کا وقار برقرار رکھنا چاہئے اور سچ بولنا چاہئے ۔ وزیر اعظم نے جھوٹ بولا ہے ، تاریخ کو توڑ ا مروڑا ہے اور آر ایس ایس اور بی جے پی کے لئے جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے جو اس ہمدردی کی مستحق ہی نہیں ہے ۔ مودی پر مجاہدین آزادی کی بے عزتی کا الزام عائد کرتے ہوئے آنند شرما نے کہا کہ پی ایم مودی نے گاندھی جی ، پنڈت نہرو،سردار پٹیل اور ان گنت مجاہدین آزادی کی بے عزتی کی ہے جنہوں نے اس ملک کے لئے اپنا سب کچھ قربان کیا۔ ان سبھی بہادر مردو خواتین نے سامراجی حکومت کے خلاف لڑائی لڑی تھی۔ اپنا سب کچھ قربان کیا تھا۔ پی ایم نے جدو جہد آزادی کی نفی کی ہے ۔ انہیں نہ صرف اپنا یہ شرمناک بیان واپس لینا چاہئے بلکہ معذرت کرنی چاہئے ۔ نئی دہلی میں کل بی جے پی کے نئے صدر دفتر کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہندوستان کی کسی اور سیاسی جماعت کو بی جے پی جتنی مخالفت اور دشواریوں کا سامنا کرنا نہیں پڑا ۔ بی جے پی واحد جماعت ہے جو اپنے قیام سے ہی مشکلات کا سامنا کرتی آرہی ہے ۔ انگریزوں کے دور میں تک کانگریس کو اتنی مخالفت جھیلنی نہیں پڑی تھی جتنی کہ پچاس، ساٹھ سال میں ہمارے بے لوث ورکرس نے جھیلی۔ آنند شرما نے کانگریس کا دعویٰ دہرایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جن سنگھ نے جدو جہد آزادی میں کوئی حصہ نہیں لیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو یہ بھی یاد ہونا چاہئے کہ ان کی پارٹی اس فلسفہ کی جانشین ہے جس نے ہندوستان چھوڑ دو تحریک اور گاندھی کی مخالفت کی تھی ۔ انہیں یاد ہونا چاہئے کہ ان کی پارٹی کے فلاسفی وسیاسی پیشروؤں نے انگریزوں کی تائید کی تھی۔1939ء میں جب برطانیہ نے ہندوستانی نمائندوں سے بات چیت کے بغیر ہندوستان کو یکطرفہ طور پر دوسری جنگ عظیم میں جھونک دیا تھا تو کانگریس نے صوبائی حکومتوں سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا تھالیکن ہندو مہا سبھا کے وی ڈی ساورکر نے وائسرائے کو لکھا تھا کہ ان کی پارٹی، مسلم لیگ کے ساتھ حکومت کا حصہ بنے گی۔ سندھ میں ہندو مہا سبھا نے مسلم لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ۔ بنگال میں فضل احق کی حکومت میں بھارتیہ جن سنگھ کے ڈاکٹر شیاما پرساد مکرجی شامل تھے ۔ شرما نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس نے ہندوستان چھوڑدو تحریک کو ناکام بنانے حکومت برطانیہ سے ساز باز کی تھی۔ ہندوستان چھوڑدو تحریک کے آغاز پر ڈاکٹر شیاما پرساد مکرجی نے بنگال کے انگریز گورنر کو لکھا تھا کہ سوال یہ ہے کہ اس تحریک [ہندوستان چھوڑدو] کو کیسے ناکام بنایاجائے ۔ صوبہ کے نظم و نسق کو اس طرح کام کرنا چاہئے کہ تحریک صوبہ بنگال میں جڑ نہ پکڑے ۔ ہندوستانیوں کو انگریزوں پر بھروسہ صرف برطانیہ کے لئے نہیں بلکہ صوبہ کے دفاع اور آزادی کے لئے ہے۔ آپ کا وزیر ہونے کے ناطہ میں پوری دلجوئی کے ساتھ اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیار ہوں ۔ شرما نے کہا کہ آر ایس ایس نے ہندوستان چھوڑ دو تحریک میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا ۔ اس نے فرمان جاری کی اتھا کہ سنگھ کا کوئی بھی رکن اس میں حصہ نہ لے ۔1942ء سے برطانوی محکمہ داخلہ کی فائل میں آر ایس ایس کے تمام سرکولرس موجود ہیں ۔ بابائے قوم مہاتما گاندھی اور پنڈت نہرو کی ملک کی آزادی کے لئے مختلف قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ گاندھی جی بارہ سال اور پنڈت نہرو تیرہ سال جیل میں رہے۔1942 اور1945کے درمیان پنڈت نہرو 1040 دن جیل میں رہے کیونکہ انہوں نے انگریزوں کو چیلنج کیا تھا اور آزادی کی لڑائی لڑی تھی۔ جیل میں رہ کر ہی پنڈت نہرو نے ڈسکوری آف انڈیا لکھی تھی۔

Congress slams Modi's remarks on freedom fighters

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں