کل جماعتی وفد کا 4 ستمبر سے دورہ کشمیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-31

کل جماعتی وفد کا 4 ستمبر سے دورہ کشمیر

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ارکان پارلیمنٹ کو جو جموں و کشمیر جانے والے کل جماعتی وفد میں شامل رہیں گے ، 3ستمبر کو یہ سمجھایاجائے گائے کہ انہیں دورہ کے دوران کیا کرنا ہے ۔ یہ وفد اپنے دورہ کے دوران سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کریگا، تاکہ اس شورش زرہ ریاست میں امن کو بحال کرنے کی کوشش کی جاسکے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، وزیر پارلیمانی امور اننت کمار، وزیر اعظم کے دفتر میں متعین مملکتی وزیر جتندر سنگھ اور مملکتی وزیر داخلہ کرن رجیجو توقع ہے کہ وزارت داخلہ کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے منعقد کی جانے والی نشست کے موقع پر موجود رہیں گے ۔ پارلیمنٹرینس کو جمو ں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایاجائے گا اور انہیں یہ بھی بتایا جائے گا کہ انفرادی شخصیتوں ، گروپس وغیرہ کی کیا رائے ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ یہ عمل اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کیاجارہا ہے کہ تمام ارکان پارلیمنٹ کے خیالات ایک جیسے رہیں اور عوام کے مختلف طبقات سے گفتگو کے دوران ان میں اتفاق رائے رہے ۔ اس نشست میں توقع ہے کہ ان انفرادی شخصیتوں اور گروپس کے بارے میں تبادلہ خیال کیاجائے گا جن سے وفد کی ریاست کے دورہ کے دوران ملاقات ہوسکتی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ارکان وفد کو کسی بھی فرد بشمول علیحدگی پسندوں سے ملاقات کی آزادی رہے گی تاہم وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ صرف ان سے ملاقات کریں گے جو دستور کی روشنی میں تمام امور کوحل کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ وفد دو روزہ دورہ کے دوران جو4ستمبر سے شروع ہونے والا ہے ، انفراد ی شخصیتوں اور گروپس سے اس لئے ملاقات کریں گے تاکہ وادی میں امن بحال کیاجاسکے۔ جہاں پر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے بے چینی پھیلی ہوئی ہے ۔ کانگریس قائد و سابق چیف منسٹر غلام نبی آزاد ، جنرل سکریٹری سی پی آئی ایم سیتا رام یچوری جنتادل یو لیڈر شرد یادو ، سی پی آئی قائد ڈی راجہ ، سماج وادی پارٹی لیڈر رام گوپال یادو اور بی ایس پی قائد ستیش چندرمشرا ہوسکتا ہے کہ وفد میں شامل ہوں ۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج تشدد سے متاثرہ وادی وادی کشمیر کی سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ساتھ ہی ساتھ ریاست کے ان ہند۔ پاک سرحدی علاقوں کے حالات پر غور و خوض کیا جہاں پر حالیہ عرصہ کے دوران کئی بار مداخلت کاری کی کوششیں کی گئی ہیں ۔ اعلیٰ عہدیداروں نے جن میں مرکزی معتمد داخلہ راجیو مہارشی اور انٹلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ بھی شامل تھے ، وزیر داخلہ کو ریاست کی موجودہ صورتحال سے واقف کراوایا اور انہیں یہ بتایا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے کیا قدم اٹھائے جارہے ہیں۔ برہان وانی کی ہلاکت کے باعث وادی کشمیر میں 53دن سے شورش کے حالات ہیں۔ اس اجلاس میں ایک کمیٹی کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں یہ خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ پلیٹ گنس کے متبادل کا استعمال کیاجانا چاہئے ۔ جن کو غالبا ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے وادی میں استعمال کیاجارہا ہے ذرائع نے بتایا کہ تاہم اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو ساتھ ہی ساتھ سرحد کے پاس کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا جہاں پر سرحد پار سے انتہا پسندوں کی جانب سے کئی بار مداخلت کاری کی کوششیں کی گئی ہیں۔ راج ناتھ سنگھ شورش شروع ہونے کے بعد سے وادی کا دورہ دو مرتبہ کرچکے ہیں اور امن بحال کرنے کی ایک کوشش کے طور پر عوام کے مختلف طبقات سے ملاقات کرچکے ہیں ۔
سری نگر
پی ٹی آئی
کشمیر میں دو کے سوا تمام پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں کرفیو کی برخواستگی کے ساتھ ہی سڑکوں پر احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لئے متعین کردہ بی ایس ایف کے سپاہیوں کو آج اچانک واپس طلب کرلیا گیا اور ان کی جگہ سی آر پی ایف کو متعین کردیا گیا ۔ بارڈر سیکوریٹی فورس کو اس کی تعیناتی کے بمشکل ایک ہفتہ بعد بظاہر اپوزیشن جماعتوں اور چیف منسٹر محبوبہ مفتی کے مطالبات کے پیش نظر ہٹا دیا گیا ۔ بی ایس ایف کی جگہ سی آر پی ایف کی بحیثیت مجموعی پچیس مزید کمپنیوں کی وادی میں تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ تا حال سی آر پی ایف کی دس کمپنیاں وادی کو پہنچ چکی ہیں جن میں سے آٹھ کو شمالی کشمیر روانہ کیا گیاہے۔ اسٹیٹ سکریٹریٹ پر ایک کمپنی متعین تھی جس کی جگہ آئی ٹی آر پی کو متعین کردیا گیا ہے ۔

All-party delegation to visit Jammu and Kashmir on Sept 4-5

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں