پی ٹی آئی، یو این آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کل یہاں دو روزہ دورہ پر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ ریاست کی مجموعی سیکوریٹی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے ۔ ساتھ ہی ساتھ48دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ یاترا کے انتظامات کابھی جائز ہ لیں گے ۔ راج ناتھ سنگھ ایسے وقت وادی کا دورہ کررہے ہیں جب کہ حال ہی میں پامپور حملہ میں دو عہدیدار سمیت8سی آر پی ایف جوان ہلاک اور 22دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔ وادی میں عسکریت پسند سر گرمیوں میں آنے والے تیزی کے تناظر میں ان کا دورہ اہمیت کا حامل ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ کی اعلٰی سطحی تین رکنی ٹیم جس میں سکریٹری بارڈر مینجمنٹ سشیل کمار، اسپیشل سکریٹری برائے داخلی سلامتی مہیش کمار اور جوائنٹ سکریٹری( کشمیر امور) گنیش کمار شامل ہیں، پہلے ہی28جون سے وادی میں مقیم ہیں جب کہ راج ناتھ سنگھ کے دورے سے قبل بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرلس بھی وادی پہنچ رہے ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے پیش نظر سری نگر، جموں قومی شاہراہ پر بی ایس ایف کی تعیناتی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رجا ناتھ سنگھ کا دو روزہ دورہ کشمیر کل سے شروع ہوگا ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے حالیہ پامپور حملے کے تناظر میں نئی دہلی میں گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جموں و کشمیر کی مجموعی سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا تھا ۔ پامپور حملے کے بعد ڈی جی سی آر پی ایف نے وادی کا دورہ کرکے حملے کی معلومات حاصل کی تھیں۔ راج ناتھ سنگھ امرناتھ یاترا کے لئے سیکوریٹی انتظامات کا بھی جائزہ لین گے جو دو جولائی سے شروع ہورہی ہے ۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں حکومت جموں و کشمیر سے مسلسل رابطہ میں ہیں جو12ہزار756فٹ کی بلندی پر موجودہ غار کے درشن کے لئے آتے ہیں ۔ ان یاتریوں کی حفاظت کے لئے12,500مرکزی نیم فوجی دستوں کے جوان اور8ہزار ریاستی پولیس کے جوانوں کو دو راستوں پر متعین کیاجائے گا۔ ایک راستہ جنوبی کشمیر کے پہلگام سے جاتا ہے اور دوسرا شمال مشرقی سنومارگ سے ہوکر جاتا ہے ۔ اگرچہ اس یاترا کو کوئی سنگین خطرہ نہیں بتایاجارہا ہے لیکن ریاستی حکومت مرکز کے تعاون سے ہر سال ہی اس یاترا کے لئے خصوصی انتظامات کرتی ہے ۔
Rajnath Singh in Kashmir on two-day visit
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں