کشمیر میں دوبارہ کرفیو - گیلانی گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-30

کشمیر میں دوبارہ کرفیو - گیلانی گرفتار

سری نگر
یو این آئی
سخت گیر حریت کانفرنس کے صدر نشین سید علی شاہ گیلانی کو آج دوپہر اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب انہوں نے تاریخی جامع مسجد کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے تحدیدات کی خلاف ورزی کی ۔ اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق اور دیگر کئی علیحدگی پسند قائدین نظر بند رہے جب کہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر نشین محمد یسین ملک 9جولائی سے پولیس اسٹیشن میں بند ہیں ۔ حریت کانفرنس کے دونوں گروپس اور جموں لبریشن فرنٹ نے جامع مسجد چلو کا ل دی تھی تاکہ9جولائی کے بعد سے سیکوریٹی فورسس کی فائرنگ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیاجاسکے ۔ برہان وانی اور دیگر دو عسکریت پسندوں کی جنوبی کشمیر کے انت ناگ میں ایک انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد شہر میں ہنگامے شروع ہوگئے تھے ۔ بہر حال آج حکام نے جامع مسجد چلو مارچ کو ناکام بنانے سری نگر اور دیگر بڑے ٹاؤنس و تحصیل ہیڈ کوارٹرس میں دوبارہ کرفیو نافز کردیا۔ قبل ازیں میر واعظ نے اعلان کیا تھا کہ وہ تحدیدات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آج ایک بجے دن جامع مسجد تک ایک جلوس کی قیادت کریں گے ۔ جیسے ہی گیلانی آج دوپہر اپنی حیدر پورہ رہائش گاہ سے باہر نکلے تاکہ جامع مسجد تک جلوس کی قیادت کرسکیں، پولیس نے انہیں فوری حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں انہیں ضلع بڈگام کے ہمہما پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ جے کے ایل ایف صدر نشین یسین ملک جنہیں 9جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا ، کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن میں محروس ہیں۔ دیگر کئی سینئر علیحدگی پسند قائدین کو بھی نظر بند کردیا گیا ہے یا پھر وادی کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں محروس رکھا گیا ہے ۔
سری نگر
پی ٹی آئی
شہر کی ایک عدالت نے آج سری نگر کے ایس ایس پی کو ہدایت دی کہ وہ تنگ پورہ علاقہ میں 10جولائی کو ایک نوجوان کی ہلاکت کے سلسلہ میں اندرون چوبیس گھنٹے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے خلاف ایف آئی آر درج کریں۔ سری نگر کی چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ مسرت شاہین نے کل اپنے احکام میں کہا کہ ایس ایس پی سری نگر کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ایف آئی آر درج کریں اور اس عدالت کی ہدایات مورخہ18جولائی2016کی تعمیل کرتے ہوئے اندرون چوبیس گھنٹے ایف آئی آر کی نقل عدالت میں داخل کریں۔ سی جے ایم نے کہا کہ بصورت دیگر ایس ایس پی سری نگر کو شخصی طور پر حاضر عدالت ہوتے ہوئے وجہ بتانی پڑے گی کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی جائے۔ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے18جولائی کو ایس ایس پی سری نگر کو ہدایت دی تھی کہ وہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یاسر قادری اور دیگر پولیس ملازمین کے خلاف ایف آئی آر درج کریں۔ عدالت نے شبیر احمد میر کے والد کی درخواست پر یہ احکام جاری کئے تھے جنہیں10جولائی کو شہر کے تنگ پورہ علاقہ میں ان کے مکان کے اندر گولی مار دی گئی تھی۔

Curfew again in Kashmir - Gilani arrested

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں