جموں میں مندر کی مبینہ گڑبڑ کے دوسرے واقعہ کے بعد انٹرنیٹ خدمات معطل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-18

جموں میں مندر کی مبینہ گڑبڑ کے دوسرے واقعہ کے بعد انٹرنیٹ خدمات معطل

جموں
یو این آئی
مندروں کے شہر جموں میں گزشتہ تین دنوں کے دوران مندر میں گڑ بڑ کے دوسرے واقعہ کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر ہر طرح کی انٹر نیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انٹر نیٹ خدمات کو معطل کر نے کا قدم کسی بھی قسم کی افواہوں کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔ جموں شہر میں14جون کے واقعہ کے بعد صرف موبائل انٹر نیٹ خدمات ہی احتیاطی اقدام کے طور پر معطل کردی گئی تھیں ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرچرن سنگھ نامی نوجوان جو جموں و کشمیر پولیس کی آئی آر پی بٹالین کا معطل شدہ کانسٹبل ہے، کل شام نشہ کی حالت میں جنوبی جموں کے نانک نگر علاقہ کے شیوانی چوک میں واقع مندر کے اندر داخل ہوا اور مبینہ طور پر مورتیوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کا گروپ جو اس وقت مندر کے اندر کیرتن انجام دے رہا تھا ، نے پولیس کو مطلع کیا اور بعد میں ایک پولیسٹیم نے موقع پر پہنچ کر مندر کی مبینہ بے حرمتی کے مرتکب نوجوان کو حراست میں لے لیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر جموں سمرن دیپ سنگھ تناؤ کو ختم کرنے کے لئے فوری طور پر موقع پرپہنچ گئے۔ تاہم مندر کی مبینہ بے حرمتی کی خبر پھیلتے ہی علاقہ میں دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کردیں اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے لگی۔ احتجاجی مبینہ بے حرمتی کے مرتکب نوجوانوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ ذرائع نے بتایاکہ جموں و کشمیر پولیس نے مذکورہ نوجوان پر پی ایس اے کے اطلاق کی سفارش کی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں