ممتا بنرجی پارٹی لیڈر منتخب - 27 مئی کو حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-21

ممتا بنرجی پارٹی لیڈر منتخب - 27 مئی کو حلف برداری

کولکتہ
یو این آئی
ترنمول کانگریس کے نو منتخب ارکان نے آج اپنی کرشماتی لیڈر چیف منسٹر ممتا بنرجی کو جن کی بدولت ترنمول کانگریس نے211نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے مقننہ پارٹی لیڈر منتخب کرلیا ہے ۔ ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور ممتا بنرجی کے کابینہ میں وزیر تعلیم پارتھو چٹر جی نے پارٹی لیڈر کے لئے ممتا بنرجی کا نام پیش کیا ، جس کو پارٹی کے نو منتخب ارکان نے متفقہ طور پر منظوری دے دی ۔ اس کے بعد ممتا بنرجی اپنی رہائش گاہ ہریش چٹر جی اسٹریٹ سے راج بھون کے لئے روانہ ہوگئیں جہاں انہوں نے دوبارہ حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا ۔ ممتا بنرجی نے گورنر سے کہا کہ وہ27مئی کو ریڈروڈ پر حلف لیں گی۔ مغربی بنگال میں انتخابی نتائج سامنے آنے کے 24گھنٹوں کے دوران تشدد کے مختلف واقعات میں12افراد ہلاک اور کئی افراد بشمول پولیس جوان زخمی ہوگئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ترنمول کانگریس کا ایک حامی جس کی شناخت لکشمن پرمانک کی حیثیت سے کی گئی ہے کل رات پرولیا میں کانگریس کے ایک فتح جلوس کے دوران زدوکوب کرکے ہلاک کردیا گیا۔ بتایاجاتا ہے کہ جب اس نے پٹاخے جلانے والوں پر اعتراض کیا تو اس پر چاقو سے حملہ کردیا گیا ۔ اس کو بچانے کے لئے آنے والے چار افراد کو بھی حملہ آوروں نے زخمی کردیا جنہیں ہاسپٹلوں میں شریک کیا گیا ہے ۔ ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں ناڈیا ضلع میں ترنمول کانگریس کا حامی بچو سورج راؤ اس وقت ہلاک ہوگیا جب دس تا بارہ اشرار نے جو موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اس پر حملہ کردیا۔ بھتپارہ میں بھی سی پی ایم اور ترنمول کانگریس کارکنوں کے درمیان تصادم کی اطلاعات ملی ہیں ۔

Mamata Banerjee Elected Trinamool Congress Legislature Party Leader

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں