آسام میں بی جے پی ، بنگال میں ممتا بنرجی اور تمل ناڈو میں جیہ للیتا کی فتح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-20

آسام میں بی جے پی ، بنگال میں ممتا بنرجی اور تمل ناڈو میں جیہ للیتا کی فتح

نئی دہلی
پی ٹی آئی
تاریخ رقم کرتے ہوئے بی جے پی نے آج آسام میں اقتدار حاصل کرلیا۔ شمال مشرق میں یہ اس کی پہلی منتخبہ حکومت ہوگی ۔ اس نے کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کردیا جس کے ہاتھ سے ریاست کیرالا بھی گئی جب کہ جیہ للیتا اور ممتا بنرجی نے ٹاملناڈو اور مغربی بنگال میں شاندار جیت کے ساتھ اقتدار برقرار رکھا ہے۔ کانگریس کو پڈوچیری پر اکتفا کرنا پڑا جہاں وہ ڈی ایم کے کے ساتھ سادہ اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ آسام میں کانگریس اقتدار کا خاتمہ ہوگیا جہاں اس نے ترون گوگوئی کی قیادت میں پچھلے الیکشن میں ہیٹ ٹرک بنائی تھی۔ مرکزی وزیر شربانند سونو وال آسام میں چیف منسٹری کے عہدہ کے لئے بی جے پی کا چہرہ ہیں۔ بی جے پی اور اس حلیفوں آسام گن پریشد( اے جے پی) اور بوڈو پیپلز فرنٹ( بی پی ایف) نے شاندار جیت حاصل کی ۔ گزشتہ الیکشن میں بی جے پی صرف پانچ نشستیں جیت پائی تھی جب کہ اے جی پی کے ارکان اسمبلی کی تعداد دس اور بی پی ایف کے ارکان کی تعداد بارہ تھی ۔ کانگریس نے پچھلے الیکشن میں70سیٹیں حاصل کی تھیں۔ پڑوسی ریاست مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس نے لفٹ، کانگریس اتحاد کے خلاف تنہا الیکشن لڑکر کر دو تہائی اکثریت حاصل کرلی۔2011کے الیکشن سے اس نے اپنا مظاہرہ بہتر کیا ۔ ٹاملناڈو نے اپنی 32سال قدیم روایت سے انحراف کیا ۔ اس نے کئی اکزٹ پول کے نتائج کو غلط ثابت کردیا ۔ ڈی ایم کے۔ کانگریس اتحاد کی شکل میں طاقتور حریف کا اے آئی اے ڈی ایم کے نے اچھی طرح مقابلہ کیا۔ کیرالا نے اپنی روایت برقرار رکھی ۔ اس نے کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف کو بے دخل کیا اور حکومت کی باگ ڈور ایل ڈی ایف کو سونپی، سی پی آئی ایم زیر قیادت یہ محاذ آسانی سے جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ آئی اے این ایس کے بموجب مغربی بنگال کی بر سر اقتدار ترنمول کانگریس نے جمعرات کو اپ وزیشن کو روند ڈالا جب کہ ٹاملناڈو کی اے آئی اے ڈی ایم کے نے اسمبلی الیکشن میں اقتدار برقرار رکھتے ہوئے اکزٹ پول کو غلط ثابت کیا ۔2014کے لوک سبھا الیکشن کے بعد یہ مقبولیت کی سب سے بڑی جانچ تھی۔ بی جے پی، آسام میں بر سر اقتدار آئی جب کہ کیرالا مین لفٹ فرنٹ کی واپسی ہوئی حالانکہ مغربی بنگال میں اس کا صفایا ہوگیا ۔5ریاستوں میں کانگریس،شدید متاثر ہوئی ۔ اس نے آسام (جہاں وہ پندرہ سال سے بر سر اقتدار تھی) اور کیرالا جہاں وہ دوسری میعاد کے لئے پر اعتماد تھی ، دونوں ریاستیں گنوا دیں ۔ پڈوچیری میں تاہم کانگریس، ڈی ایم کے اتحاد بر سر اقتدار آل انڈیا این آر کانگریس سے آگے رہا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کیرالا میں تاریخ بنائی جہاں86سالہ بزرگ اوراج گوپال نیموم( ترواننتا پورم) سے منتخب ہوئے ۔ وہ کیرالا اسمبلی میں بی جے پی کے اولین رکن ہوں گے ۔ انہوں نے ٹوؤٹ کیا کہ ہندوستان بھر میں لوگ ، بی جے پی پر بھروسہ کررہے ہیں ۔ ترقی کے نعرہ پر ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کو زبردست جیت دلائی ۔ کانگریس۔ لفٹ اتحاد جو ممتا بنرجی کو بے دخل کرنے کی امید رکھتا تھا ، پیچھے رہ گیا ۔ ترنمول کے حامیوں نے جشن منایا۔ممتا بنرجی نے کہا کہ لوگوں نے ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی، جھوٹ بولے ۔ عوام ایسی مہم کو پسند نہیں کرتے ۔ ہمارے خلاف ہر طرح کے اتحاد ہوئے لیکن عوام نے آخر کار اپنی پسند بتادی ۔ انہوں نے کہا کہ49برس پہلے میں پہلی مرتبہ ایسا زبردست خط اعتماد کسی واحد جماعت کو ملا ہے ۔ ٹاملناڈو میں چونکا دینے والا نتیجہ سامنے آیا۔ جیہہ لیتا نے مسرت بھرے لہجہ میں کہا کہ ڈکشنری میں اتنے الفاظ نہیں ہیں کہ میں ٹاملناڈو کے عوام سے اظہار تشکر کرسکوں۔ بیشتر اکزٹ پول نے پیش قیاسی کی تھی کہ اے آئی اے ڈی ایم کے، اقتدار سے بے دخل ہوجائے گی۔ چینائی میں جیہ للیتا کے بنگلہ کے باہر موسیقی اور آتش بازی کے ساتھ جشن منایا گیا ۔ بی جے پی کے چونکا دینے والے مظاہرہ نے آسام میں کانگریس کو دفن کردیا ۔ بادشاہ گر کا رول ادا کرنے والا امید وار آل انڈیا ڈیمو کریٹک فرنٹ( اے آئی یو ڈی ایف)13نشستیں ہی حاصل کرپایا۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اے آئی اے ڈی ایم کے قائد جے جیہ للیتا اور ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی کو فون کیا اور ٹاملناڈو اور مغربی بنگال میں ان کی انتخابی جیت پر مبارکباد پیش کی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے بھی جیہ للیتا سے فون پر بات چیت کی اور انہیں مبارکباد دی۔

پٹنہ سے پی ٹی آئی کی ایک اطلاع کے مطابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آسام میں بی جے پی کامیابی کا جشن منانے میں حد سے زیادہ تجاوز نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور اتحادوں کو مبارکباد دی ۔ نتیش کمار نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بی جے پی کو محض اس لئے کامیابی حاصل ہوئی کیونکہ اس نے اتحاد کیا تھا جب کہ کانگریس اس وجہ سے ناکام ہوئی اسے یقین تھا کہ وہ اپنے بل بوتے پر انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی اہل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہارکی طرح اگر اتحاد کا تجربہ دہرایاجاتا تو آسام اسمبلی انتخابات کے نتائج بالکل مختلف ہوتے۔ آسام میں تنہا مقابلہ کرنے کی کانگریس کی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر بہار نے کہا کہ سب سے بڑی شمال مشرقی ریاست کے اسمبلی انتخابات کا نتیجہ بی جے پی کے حق میں اس لئے گیا کیونکہ اس نے چند علاقائی جماعتوں کے ساتھ ماقبل انتخابات اتحاد کیا تھا۔
کولکتہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بی جے پی نے آج صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کی یہ کہتے ہوئے ستائش کی کہ مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی کی زبردست کامیابی، ان کے کلین امیج کے باعث ہوئی ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے بتایا کہ پارٹی قائدین اور وزراء کے خلاف کرپشن کے مختلف الزامات کے باوجود ایم سی نے اتنی بڑی فتح حاصل کی ۔ محض ممتا بنرجی کے کلین اور دیانتدار امیج کے باعث یہ ممکن ہوسکا ۔ ممتا کے خلاف کرپشن کا کوئی راست الزام عائد نہیں کیا گیا۔

Election results 2016: LDF in Kerala, Jayalalithaa's AIADMK in Tamil Nadu, BJP in Assam, TMC in West Bengal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں