کشمیر کے نقشہ سے متعلق ہندوستانی پارلیمنٹ میں بل - پاکستان کا اعتراض - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-18

کشمیر کے نقشہ سے متعلق ہندوستانی پارلیمنٹ میں بل - پاکستان کا اعتراض

اسلام آباد، نئی دہلی
پی ٹی آئی
کشمیر کے نقشہ سے متعلق ہندوستان پارلیمنٹ میں پیش کردہ ایک مسودہ قانون پر پاکستان نے اقوام متحدہ میں گہری تشویش کا اظہار کیا اور عالمی ادارہ سے مطالبہ کیا کہ اس کی قرار دادوں کو قائم کیاجائے اور ہندوستان سے اس طرح کی حرکتیں بند کرنے کی اپیل کی ۔ پاکستان نے اس ا قدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا ہے ۔ جغرافیائی حدود کی معلومات سے متعلق مسودہ قانون میں کہا گیا کہ ہندوستان کے نقشہ کو غلط پیش کرنے پر سات سال جیل اور 100کروڑ روپے تک کا جرمانہ عائد ہوسکتا ہے ۔ مجوزہ قانون کا اطلاق افراد اور تنظیموں دونوں پر ہوگا ۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو نیو یارک میں متعین اپنے مستقل مندوب کے ذریعہ مکتوبات حوالہ کئے اور اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ دفتر خارہج پاکستان نے حکومت ہند کی اس کوشش کو متنازعہبل سے تعبیر کیا ۔ پاکستان نے کہا کہ ہندوستان کے سرکاری نقشہ میں جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقہ کو ہندوستان کا حصہ دکھایا گیا ہے جو واقعتاً غلط اور قانوناً غیر تسلیم شدہ ہے ۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق متنازعہ علاقہ جموں و کشمیر کو ظاہر کرنے والے افراد تنظیموں کو سزا دینے کی بات کہی گئی ہے ۔ ہم بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب عامہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں منعقد کروایا جائے ۔ ہندوستان نے پاکستان کے اس اعتراض کو مسترد کردیا اور کہا کہ اسے داخلی معاملات میں دخل دینے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان یا کسی اور فریق کو ہمارے داخلی قانون سازی کے امور میں دخل دینے کا اختیار نہیں ہے ۔ ہندوستان بین الاقوامی برادری کو ملوث کرنے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو مسترد کرتا ہے ۔ ہندوستان نے ہمیشہ ایسے معاملات کو باہمی طور پر حل کرنے پر زور دیا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مسلط کرنے پاکستان کی مسلسل اور بڑھتی ہوئی کوششوں کو ہندوستان سختی سے مسترد کرتا ہے ۔ مجوزہ بل مکمل طور پر ہندوستان کا داخلی قانون سازی کا معاملہ ہے ، جب کہ تمام ریاست جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے۔ اس معاملہ میں پاکستان کے کسی اور فریق کو بولنے کا حق نہیں ہے ۔

J&K on map: Pakistan objects, India rejects 'concern'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں