اعتماد نیوز
ریاستی حکومت کی جانب سے اساتذہ کے تمام تقررات ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی( ڈی ایس سی) کی بجائے راست طور پر تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ کئے جائیں گے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیمات راجیو رنجن اچاریہ نے اس سلسلہ میں آج سرکاری احکام بھی جاری کردئیے ۔ اسپیشل چیف سکریٹری و کمشنر تلنگانہ اسکول ایجوکیشن راجیو رنجن اچاریہ کے مطابق محکمہ نظم و نسق عامہ نے تمام محکمہ جات سے خواہش کی ہے کہ وہ کارپوریشنس ، پبلک سیکٹر یونٹس، لوکل باڈیز اور محکمہ جات کے زیر انتظام اداروں میں تقررات تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ انجام دیں ۔ حکومت نے غوروخوض کے بعد اساتذہ کے تمام تر تقرررات کو پر کرنے کے لئے پبلک سرویس کمیشن کو ذمہ داری حوالے کی ہے ۔ اب تک یہ امور ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ سلکشن کمیٹی(ڈی ایس سی) کے ذریعہ انجام دئیے جاتے تھے ۔ ضلعی سطح پر اسکول اسسٹنٹ ایس اے ، لینگویج پنڈٹ، ایل پی ، سکنڈری گریڈ ٹیچر ایس جی ٹی، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کے تقررات اب تک پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ کئے جائیں گے تاکہ یکسانیت پیدا ہوسکے اور تقررات کے امور میں استحکام و مکمل شفافیت پیدا ہوسکے ۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے تحت کام کرنے والے ماڈل اسکولس میں تقررات کے لئے پبلک سرویس کمیشن کو مہ داری دیدی ہے ۔ حکومت کے اس اقدام کا مقصد سرکاری سطح پر تمام تقررات کو ایک چھت کے تلے لانا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ اساتذہ کی تقریبا دس ہزار جائیدادوں پر تقررات تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ کئے جائیں گے ۔ اساتذہ ہی نہیں بلکہ ماڈل اسکولس کے لئے پرنسپالس ، پوسٹ گریجویٹ ٹریچرس، ٹرینڈ گریجویٹ ٹیچرس کا تقرر بھی پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ کیا جائے گا۔ تلنگانہ حکومت نے اقلیتوں کے لئے71اقامتی اسکولس قائم کئے ہیں۔ ان کے لئے2272اساتذہ کا تقرر کیاجائے گا۔ تلنگانہ حکومت جہاں اقلیتوں کے لئے71اقامتی اسکولس قائم کررہی ہے وہیں دیگر پسماندہ طبقات کے لئے بھی تقریبا150اسکولس قائم کررہی ہے ۔ ان اسکولوں میں بھی اساتذہ کے تقررات تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے انجام دئیے جائیں گے ۔
DSC scrapped; TSPSC empowered to recruit teachers
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں