دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ - مسودہ بل جاری - وزیراعلیٰ کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-19

دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ - مسودہ بل جاری - وزیراعلیٰ کجریوال

نئی دہلی
یو این آٗی
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ ان کی حکومت نے دہلی کو مکمل ریاست کے درجہ کے لئے ایک مسودہ بل تیار کیا ہے، جس پر 30جون تک قومی دارالحکومت کے عوام کی رائے طلب کی جائے گی۔ کجریوال نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ دہلی حکومت نے دہلی کو مکمل ریاست کے درجہ کے لئے ایک مسودہ بل تیار کیا ہے ۔ ہم نے اس مسودہ بل کو اپ نی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا ہے اور عوام سے و دیگر شراکت داروں سے30جون تک رائے دینے کی خواہش کی ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دہلی کی تمام سیاسی جماعتوں بشمول کانگریس اور بی جے پی کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے ، کجریوال نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کی سمت میں مل جل کر کام کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلہ پر سیاست نہیں چاہتے۔ کجریوال نے بتایا کہ مسودہ بل وزیر اعظم ، صدر جمہوریہ ، تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف شراکت داروں کو بھیجا جائے گا ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ان کی حکومت، دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے بلا تکان کوشش کررہی ہیں، کجریوال نے کہا کہ اس مسئلہ پر تبادلہ خیال اور بل کی منظوری کے لئے اسمبلی کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیاجائے گا۔ یہ بتاتے ہوئے کہ بی جے پی اور کانگریس نے اس بل کے لئے مسلسل کوششیں کی ہیں، کجریوال نے کہا کہ سینئر بی جے پی قائدین نے گزشتہ برسوں کے دوران اسے ایک مشن کے طور پر آگے بڑھایا ہے اور اب عام آدمی پارٹی حکومت اس بل کو منظوری دلانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔ سینئر بی جے پی لیڈر مدن لال کھرانہ نے26اگست1994ء کو کہا تھا کہ مرکز، مکمل ریاست کے درجہ کے لئے دہلی والوں کے مطالبہ کے تئیں بے حس ہے ۔1998میں ایک اور بی جے پی لیڈر صاحب سنگھ ورما نے بھی یہی بات کہی تھی ۔ اگست2003ء میں بزرگ بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی نے بھی اس کا ز کی حمایت کی تھی ۔ اسٹینڈنگ کمیٹی نے ایک رپورٹ داخل کی تھی، لیکن اسے مسترد کردیا گیا تھا ۔ نہ صرف ان قائدین نے بلکہ دیگر قائدین نے اس بل کی منظوری کے لئے زور دیا تھا ۔ ان میں2011ء میں بی جے پی لیڈر اے کے ملہوترا اور 2014ء میں وجئے گویل کا مطالبہ بھی شامل ہے ۔ جنہوں نے کہا تھا کہ بل کی عدم منظوری کے سبب دہلی کی ترقی رکی ہوئی ہے۔ سائنس و ٹکنالوجی کے وزیر ہرش وردھن نے کہا تھا کہ بی جے پی ، اس بل کے لئے سخت کوشش کررہی ہے ۔

CM Kejriwal makes draft bill seeking full statehood status for Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں