مغربی بنگال اور آسام میں اسمبلی انتخابات کا آج پہلا مرحلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-04

مغربی بنگال اور آسام میں اسمبلی انتخابات کا آج پہلا مرحلہ

کولکتہ
یو این آئی
مغربی بنگال اور آسام میں کل اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ منعقد ہوگا۔ مغربی بنگال کے18اسمبلی حلقوں ، میں پہلے مرحلہ کے تحت کل ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ ضلع مدنا پور کے چھ، بنکورہ کے تین اور ترولیا کے نو حلقوں میں کل رائے دہی ہوگی۔ یہ تین اضلاع کے کچھ حصے قبائلی غلبہ والے جنگل محل میں آتے ہیں جو ماؤسٹ انتہا پسندوں کا گڑہ رہا ہے ۔ جنگل محل میں جملہ40حلقے ہیں جن میں سے 22میں 11اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ پہلے مرحلہ میں چالیس لاکھ سے زائد رائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے جہاں133امید وار میدان میں ہیں۔ چار ہزار945مراکز رائے دہی پر سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔18حلقوں میں تمام بڑی جماعتوں حکمراں ترنمول، سی پی آئی ایم زیر قیادت بایاں محاذ، کانگریس اتحاد اور بی جے پی کے علاوہ دیگر قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ آسام کے65حلقوں میں چار اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ ریاست میں دو مرحلوں میں ووٹنگ کرائی جارہی ہے ۔ آسام میں حکمراں کانگریس، بی جے پی۔ اے جی پی۔ بی پی ایف اتحاد اور آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے درمیان کانٹے کی ٹکر ہے ۔ پہلے مرحلہ میں539امید وار میدان میں ہیں ۔ ریاست میں سیکوریٹی بندوبست سخت کردیا گیا ہے جب کہ ہند۔ بنگلہ سرحد کو بند کردیا گیا ۔126کے منجملہ65حلقوں میں کل رائے دہی کے انتظامات کے لئے چالیس ہزار زائد سے سیکوریٹی ارکان تعینات کئے گئے ہیں ۔ پہلے مرحلہ میں کانگریس تمام 65حلقوں پر لڑ رہی ہے جب کہ بی جے پی نے54حلقوں اور اس کے حلیف اے جے پی نے11اور بی پی ایف نے تین امید وار میدان میں اتارے ہیں ۔ بدر الدین اجمل کی پارٹی27حلقوں سے مقابلہ کررہی ہے ۔13آزاد امید وار بھی قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ آسام میں پہلے مرحلہ میں95لاکھ سے زائد رائے دہندے اپنے حق سے استفادہ کریں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں