کیرالا کے مندر میں آتشبازی کے دوران حادثہ - 110 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-11

کیرالا کے مندر میں آتشبازی کے دوران حادثہ - 110 افراد ہلاک

کولم، کیرالا
آئی اے این ایس
جنوبی ریاست کیرالا کے ایک مندر میں اتوار کی صبح غیر قانونی آتش بازی کے نتیجہ میں مہیب آگ بھڑک اٹھی جس میں تقریبا110 افراد ہلاک اور383سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت نازک ہے ۔ چند گھنٹے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کولم پہنچے ۔ ان کے ساتھ ڈاکٹروں کی پندرہ رکنی ٹیم بھی آئی ہے ۔ ساحلی ٹاؤن پیرور میں کل رات تقریبا3:30بجے آگ اس وقت بھڑک اٹھی جب ایک پٹاخہ اس عمارت پر گر پڑا جہاں پٹاخوں کا بڑا ذخیرہ رکھا گیا تھا ۔ اس کے ساتھ ہی دھماکے ہونے لگے اور آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ہزاروں افراد آتشبازی کا مشاہدہ کررہے تھے جو کل رات شروع ہوئی تھی ۔ پتنگل دیوی کا مندر عام طور پر علی الصبح پانچ بجے کھولاجاتا ہے ۔ صحافی ایل ایس پلے نے جو قریب میں واقع ایک مکان کی چھت پر موجود تھے ، آئی اے این ایس کو بتایا کہ صرف چند منٹ میں سب کچھ تباہ ہوگیا۔ انہوںنے کہا کہ آتشبازی ختم ہونے کو صرف نصف گھنٹہ باقی تھا کہ ایک چنگاری اس عمارت پر گری جہاں پٹاخوں کا بڑا ذخیرہ رکھا گیا ۔ چند منٹ میں عمارت ڈھیر ہوئی ۔ اس کے بعد افرا تفری مچ گئی ۔ نصف کلو میٹر کے دائرہ میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ پٹاخوں میں دھماکے اور آگ کے بلند ہوتے شعلوں نے کسی کو بھی بچ نکلنے کا موقع نہیں دیا ۔ کئی لوگ ایک دوسرے پر گر پڑے ۔ چند گھنٹوں میں فوج فضائیہ اور بحریہ کے جوان بچاؤ راحت کاری میں مصروف ہوگئے ۔ کوچی سے بحری جہاز پہنچے جب کہ ٹاملناڈو سے ہیلی کاپٹروں نے اڑان بھری۔ دوپہر کے بعد پولیس نے پانچ ملازمین کو حراست میں لے لیا جو آتشبازی شو کے لئے ذمہ دار بتائے جاتے ہیں۔ کولم ضلع حکام نے اس آتشبازی کی اجازت نہیں دی تھی ۔ چیف منسٹر اومن چنڈی نے عدالتی تحقیقات کے ساتھ ساتھ کرائم برانچ انکوائری کا بھی حکم دیا ہے ۔ ترواننتاپورم میں جو ساٹھ کلو میٹر دور ہے میڈیکل کالج کے پرنسل تھامس میتھو نے بتایا کہ ان کے ہاسپٹل میں تقریبا45افراد شریک کرائے گئے جن کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ افراد مردہ حالت میں لائے گئے جب کہ دو نے ہاسپٹل پہنچنے کے بعد دم توڑ دیا۔زخمیوں کو دیگر ہاسپٹل بھیجا گیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شدید جھلس جانے والوں کو دہلی اورممبئی منتقل کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں کیرالا کے عوام کے ساتھ ہے۔ انہوں نے ترواننتام پوری میڈیکل کالج ہاسپسٹل میں زخمیوں کی عیادت کے بعد مختصر بیان دیا ۔ انہوں نے مندر کامپلکس میں تقریبا دس منٹ گزارے ۔ مندر سے مودی اور چنڈی کولم ضلع ہاسپٹل گئے۔ اسی دوران کیرالا حکومت نے مہلوکین کے ورثہ کو فی کس دس لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد کہا کہ مندروں میں آتشبازی پر امتناع عملا ممکن نہیں ہے کیوں کہ اس کا تعلق مذہبی رسومات سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے سبھی کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ عدالتی تحقیقات ریٹائرڈ جج کرشنن نائیر کریں گے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب نائب صد رکانگری راہول گاندھی نے آج پتنگل دیوی مندر کا دورہ کیا ۔ ان کے ساتھ سینئر کانگریس قائد اے کے انٹونی اور ریاستی وزیر داخلہ رمیش چنی تھلا موجود تھے ۔ نائب صدر کانگریس نے واقعہ کے سلسلہ میں جانکاری حاصل کی وہ بعد ازان کولم ضلع ہاسپٹل گئے جہاں زخمیوں کو شریک کرایا گیا ہے ۔ مندر کامپلکس100سال قدیم بتایاجاتا ہے ۔

110 killed, 280 injured in Kerala Temple fireworks tragedy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں