وزیر اعظم پر عوام سے جھوٹے وعدے کرنے کا الزام - راہول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-30

وزیر اعظم پر عوام سے جھوٹے وعدے کرنے کا الزام - راہول

گوہاٹی
یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے اور بی جے پی آسام کے سماجی ہم آہنگی کے تانے بانے کو درہم برہم کرنے کوشاں ہے ، جہاں عنقریب اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ راہول گاندھی نے آسام کے عوام کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بی جے پی کی پھوٹ ڈالنے والی سیاست کا شکار نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں بھگوا جماعت کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو ریاست کو ناگپور(آر ایس ایس کے ہیڈ کوارٹر) یا پی ایم او( وزیر اعظم کے دفتر) سے کنٹرول کیاجائے گا۔ ضلع کربی انگلانگ کے ہیڈ کوارٹر ٹاؤن دیپھو میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائد نے کہا کہ بی جے پی جہاں بھی جاتی ہے نفرت اور پھوٹ ڈالتی ہے ۔ وہ عوام کو ایک دوسرے سے لڑاتی ہے۔ اس نے ہریانہ میں اقتدار پر آنے کے اندرون دیڑھ سال فسادات کرائے ۔ گجرات اور اتر پردیش میں اس نے لوک سبھا انتخابات سے پہلے فسادات کرائے۔ بی جے پی اس بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو تباہ کردینا چاہتی ہے جو کانگریس نے آسام میں قائم کیا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے مزید کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں ایک ہی طرز فکر کو فروغ دینا چاہتی ہے اور مختلف النوع تہذیب، وراثت، روایت اور ملک کی تاریخ کو تباہ کرنا چاہتی ہے ۔ اگر وہ آسام میں برسر اقتدار آتی ہے تو ریاست پر ناگپور یا وزیر اعظم کے دفتر سے کنٹرول کیاجائے گا۔ کانگریس کے نائب صدر نے مودی پر طنز کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ2014ء کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے کئے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ا ن وعدوں کے بارے میں ان سے سوال کریں، جیسے ہر ہندوستانی شہری کے کھاتہ میں پندرہ لاکھ روپے جمع کرنا، بیرونی بینکوں میں کالا دھن واپس لان اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، کسانوں کی مصنوعات کے لئے اقل ترین قیمت فروخت مقرر کرنا شامل ہیں ۔ راہول گاندھی نے بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ وجئے مالیا اورللت مودی جیسے غبن کرنے والوں کو ملک چھوڑنے میں مدد دے رہی ہے اور انہیں ملک واپس لانے اور قانون کے تحت ان پر مقدمہ چلانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر آسام ترون گوگوئی کی ستائش کرتے ہوئے جن کے تحت کانگریس ریاست میں مسلسل چوتھی میعاد کا مطالبہ کررہی ہے، راہول گاندھی نے کہا مودی جی بڑے بڑے وعدے کرتے ہیں اور پھر ان کے بارے میں بھول جاتے ہیں۔ وہ یہ چاہتے ہیں کہ عوام بھی ان کے بارے میں بھول جائیں، لیکن گوگوئی جی زیادہ وعدے نہیں کرتے ، بلکہ وہ زیادہ کام کرتے ہیں ۔ راہول گاندھی نے ریاست میں گزشتہ پ ندرہ سال کے دوران امن و ہم آہنگی کی واپسی کو اجاگر کیا اور اسے کانگریس کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے امن ، پیشگی شرط ہے ۔ راہول نے کہا کہ کانگریس نے ریاست میں ہر شعبہ میں شاندار کام کیا ہے ، چاہے وہ تعلیم ہو، روزگار کی پیداوار ہو ، آمدنی میں اضافہ، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی تعمیر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو حقیقی اختیار عطا کرنا چاہتے ہیں اور ہر ذات ، مذہب اور برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ریاست کی ترقیاتی پیشرفت میں ساتھ رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ریاست کے لئے کانگریس کے انتخابی منشور کی چند باتوں کو اجاگر کیا، جن میں عوامی و خانگی شعبے میں دس لاکھ ملازمتوں کی پیداوار ، ضلعی سطح پر اسکالر شپ، دوروپے کلو چاول ، تمام بلاکس میں کولڈ اسٹوریج ، اگریکلچر بینک ، قدرتی آفات سے راحت شامل ہیں۔

Rahul criticises Modi for making 'false promises'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں