حکمرانی کو بہتر بنانے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-04

حکمرانی کو بہتر بنانے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل - وزیر اعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جارحانہ طنز و مزاح سے ملی جلی تقریر کرتے ہوئے آج کانگریس پر حسد اور احساس کمتری کے باعث پارلیمنٹ کی کارروائی درہم برہم کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ حکمرانی کو بہتر بنانے میں مدد دیں۔ انہوں نے جے این یو اور حیدرآباد یونیورسٹی کے موجودہ تنازعات سے دامن بچاتے ہوئے یہ بات کہی ۔ لوک سبھا میں اپنی75منٹ کی تقریر میں انہوںنے کل راہول گاندھی کی جانب سے ان کی حکومت کے مختلف اقدامات پر طنزیہ تنقیدوں کا اسی لب و لہجہ میں جواب دیا۔ ان اقدامات میں میک ان انڈیا پروگرام اور من ریگا شامل ہیں تاہم اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے صدر جمہوریہ کے خطبہ پر تحریک تشکر پر مباحث کو ختمکرتے ہوئے اپوزیشن کو ملک اور عوام کی بھلائی کے لئے حکومت کو چلانے میں تعاون کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اعتماد کو بہتر بنانے کے لئے ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر آپ کے پاس کوئی تجویز ہے تو برائے مہربانی اسے پیش کیجئے ۔ وزیر اعظم کے جواب کے بعد ایوان نے اپوزیشن کی تمام ترمیمات کو مسترد کردیا ۔ ان میں بی جے پی ڈی کے ایک رکن کی جانب سے ایوان میں ووٹنگ کے اصرار کی ترمیم بھی شامل ہے۔ راہول گاندھی کا نام لئے بغیر وزیر اعظم نے کل ان کے ریمارکس وزیر اعظم کو دوسروں کی بات سننی چاہئے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو نصیحت کرنا آسان ہے ۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ2013میں راہول گاندھی نے منموہن سنگھ اور ان کے ممتاز رفقاء بشمول اے کے انتونی ، شرد پوار اور فاروق عبداللہ کا کس طرح احترام کیا تھا ۔ انہوں نے کابینہ کے منظورہ آرڈیننس کو میڈیا کے سامنے پھاڑ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں قابل اور روشن خیال نوجوان قائدین بھی ہیں جنہیں تقریر کرنے کا موقع نہیں دیاجاتا ۔ وہ کافی اسٹڈی بھی کرتے ہیں مگر پریشانی کی بات یہ ہے کہ اگر وہ تقریر کرتے ہیں تو ان کی ستائش کی جائے گی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ہمارا کیا ہوگا ۔ ان کے اس جملہ پر حکمراں بنچوں نے میزیں تھپتھپائیں ۔ انہوں نے تو تو میں میں اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کے رویہ کو سیاسی جماعتوں کا حربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے ۔ موجودہ حکومت بھی ترقی اور بہتری کی خواہاں ہے ۔ میں اس میدان میں نیا کھلاڑی ہوں اور آپ سب تجربہ کار ہیں۔ میں آپ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہوں ۔ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شانہ بشانہ چلنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاستوں میں مہاتا گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی ایکٹ( ایم جی این آر ای جی اے) پر کمزور عمل آوری کے سلسلہ میں کانگریس کو نشانہ بنایا۔ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل( سی اے جی) کی ر پورٹ2012ء کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت غریب تین ریاستوں میں زیادہ اثر کے ساتھ اس اسکیم پر عمل کرنے میں ناکام رہی ۔ پارلیمنٹ میں صدرجمہوریہ کے خطبہ پر ہدیہ تشکر کے طور پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کھڑگے جی( لوک سبھا میں کانگریس قائد ملیکار جن کھرگے) نے کہا ہے کہ ایم جی این آر ای جی اے میں کرپشن پایاجاتا ہے ۔ میں1000فیصد حد تک ان سے اتفاق کرتا ہوں ۔ میں ان سے غیر متفق نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ گربت کے بیج ہمارے ملک میں اتنے گہرے بوئے گئے ہیں کہ انہیں ہٹانا میرے لئے ایک بہادری کا کام بن گیا ہے ۔ اگر غربت نہ رہے تب ہمیں ایم جی این آر ای جی اے اسکیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔

PM Modi appeals to opposition to help improve governance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں