پانچ برسوں میں آسام کو ترقی یافتہ ریاست بنا دیاجائے گا - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-27

پانچ برسوں میں آسام کو ترقی یافتہ ریاست بنا دیاجائے گا - وزیر اعظم مودی

گوہاٹی
یو این آئی، پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام میں اپنی دو روزہ انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی ریاست کے لئے تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی کے تین نکاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے ۔ مشرقی آسام کے تنسو کیا میں پہلی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے چیف منسٹر ترون گوگوئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ، میری جنگ گوگئی کے خلاف نہیں بلکہ غربت کے خلاف ہے۔ مجھے کرپشن ، غربت ، برائیوں اور آسام کی بربادی کے خلاف لڑنا ہے ۔ انہوں نے80سالہ گوگوئی اور بی جے پی کے چیف منسٹر کے عہدے کے امید وار سربندا سونو وال کے درمیان عمر کے فرق کو بھی واضح کیا اور کہا کہ ان انتخابات میں دہلی کے ساتھ میرا بھی نقصان ہونے والا ہے کیونکہ سونو وال ہمارے بہترین وزراء میں سے ایک ہیں ۔ نریندر مودی نے اپنی اور گوگوئی کی عمر کے فرق کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا، کچھ سال بعد ان کانگریس لیڈروں کی عمر90سال ہوجائے گی۔ گگوئی کہتے ہیں کہ ان کی لڑائی میرے ساتھ ہے لیکن ہماری ثقافت ہمیں بڑوں کے ساتھ لڑنا نہیں سکھاتی ۔ میں ان سے لڑنا نہیں چاہتا بلکہ میں آسام کے عوام کی آشیروار کی طرح ہی ان کا بھی آشیرواد لینا چاہتا ہوں ۔ سونو وال کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا آسام انتخابات کے بعد بی جے پی یہاں حکمراں ہوگی اور سونو وال چیف منسٹر بنیں گے تو میں اپنی وزارت کے سب سے شاندار اور نوجوان رکن کو کھودوں گا لیکن یہ آسام کے لئے فائدہ مند ہوگا ۔ نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس گزشتہ ساٹھ برسوں سے آسام میں اقتدار میں ہے اور بی جے پی یہاں کبھی نہیں جیتی ۔ آزادی کے وقت ملک کی پانچ اہم ریاستوں میں شامل آسام اب پسماندہ پانچ ریاستوں میں سے ایک ہے ۔ اس انتخابات کے بعد آسام کو ایک نوجوان چیف منسٹر مل جائے گا۔ آسام جلد ہی ایسی ترقی یافتہ ریاست ہوگی، جہاں بچوں کو پڑھایاجائے گا، کہ اے فار آسام ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں ترقی ، تیز رفتار ترقی اور تمام شعبوں میں ترقی کے تین نکاتی ایجنڈے پر کام کررہی ہے جس سے آسام کی قسمت بدل سکتی ہے ۔ لوگوں سے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ایک بٹن دبانے سے لوگ یہاں ترقی کے نئے دور کا آغاز کرسکتے ہیں ۔ مودی نے کہا کہ آج نوجوان بیروزگار ہیں، پینے کے پانی نہیں ہے ، برقی نہیں ہے ۔ کس نے آسام کی یہ صورتحال بنائی۔ انہوں نے کہا کہ ہردیہات کو برقی پہونچانے کی ضرورت ہے ۔ اس سے نہ صرف ترقی ہوگی بلکہ اچھی تعلیم بھی ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک آسام کے ایک ہزار دیہاتوں میں برقی کا کوئی پول نہیں پہونچا ہے ۔ آسام میں اگرچہ وسیع تر آبی وسائل ہیں لیکن پینے کے پانی کی قلت ہے ۔ اس ریاست میں اچھی بارش ہوتی ہے اور دریائے برہم پترا بھی اس ریاست سے بہتی ہے لیکن کانگریس کی حکومت نے لوگوں کو پینے کے پانی سے محروم رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی سے فنڈس دئیے جاتے ہیں، تاکہ غریبوں کو مکانات تعمیر کر کے دئیے جائیں لیکن یہ رقم بینکوں میں پڑی ہوئی ہے اور اس کا استعمال نہیں ہورہا ہے ۔ اگر ایسا ہی جاری رہا تو آسام میں کوئی ترقی نہیں ہوگی ۔ آسام میں گیس کا ذخیرہ ہے لیکن کیا غریبوں کے گھروں میں گیس کے چولہے جلتے ہیں۔ ہم نے پانچ کروڑ غریبوں کو گیس سلنڈرس سربراہ کرنے کا فٰصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کئی مرکزی اسکیمات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو آسام کے تما م دیہاتوں میں برقی سربراہ کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بی جے پی کو صرف پانچ سال کا موقع دیں اور پارٹی کی حکومت آسام میں گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران تمام پائی جانے والی تمام خامیوں اور خرابیوں کو دور کردے گی۔ وزیر اعظم آج ہی ماجولی ، نارائن پور ، بوکا کھاٹ اور جورہاٹ میں اور کل رنگ پاڑہ اور ہیلا کنڈی میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کریں گے ۔ آسام کی126اسمبلی نشستوں کے لئے دو مرحلوں میں 4اور 11اپریل کو پولنگ ہونی ہے۔

Give BJP 5 years to correct misrule of 15 years by Gogoi, Congress: PM Modi calls for a young CM in Assam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں