متاثرکن تقریر پر کنہیا کمار کو بی جے پی قائد شتروگھن سنہا کی تائید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-06

متاثرکن تقریر پر کنہیا کمار کو بی جے پی قائد شتروگھن سنہا کی تائید

پٹنہ
آئی اے این ایس
اداکار سے بی جے پی قائد بنے شترو گھن سنہا نے ہفتہ کے دن صدر جے این یو ایس کنہیا کمار کی تائید کی ۔ انہوں نے ضمانت پر رہائی کے بعد اس نے جو تقریر کی اس کی ستائش کی ۔ شترو گھن نے کنہیا کو بہار کا سپوت قرار دیا جس نے تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد جے این یو کیمپس میں اچھی اور جھنجھوڑ دینے والی تقریر کی ۔ انہوں نے کہا کہ کنہیا، بہار کے ایک موضع میں رہنے والے غریب خاندان سے تعلق رکھتا ہے لیکن اس نے ثابت کیا ہے کہ اس میں صلاحیت ہے ۔ قبل ازین شترو گھن سنہا نے دہلی ہائی کورٹ سے کنہیا کو ضمانت ملنے پر مسرت کا اظہار کیا تھا۔ بی جے پی کے بیشتر قائدین کے بر خلاف شترو گھن سنہا کا کہنا ہے کہ کنہیا اگر غربت، ذات پات اور بھوک سے آزادی مانگتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سنا ہے کہ ملک کے کئی اعلیٰ قائدین بشمول چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کنہیا اور اس کی تقریر کی ستائش کی ہے۔ گزشتہ چند ماہ سے شترو گھن سنہا اپنی ایسی رائے کا برملا اظہار کرچکے ہیں جو پارٹی کے موقف سے مطابقت نہیں رکھتی ۔ اب انہوں نے کنہیا کی جو تعریف کی ہے اسے بی جے پی کو شرمندہ کرنے کی ایک اور کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب جے این یو تنازعہ پر اپنی پارٹی کے موقف سے بظاہر اختلاف میں شترو گھن سنہانے آج کنہیا کی تقریر کی ستائش کردی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ مشروط سہی کنہیا کو ضمانت ملنے پر مسرت ہوئی ۔ امید، خواہش اور دعا ہے کہ وہ خود کو اس تائید کا اہل ثابت کرے جو ہر کسی سے اسے حاصل ہوئی ہے ۔ جن کا ماننا ہے کہ اسے غلط طور پر پھنسایا گیا ۔ اداکار سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنے شترو گھن سنہا نے بعد ازاں پی ٹی آئی سے کہا کہ وہ اسٹوڈنٹ لیڈر کی تہاڑ جیل سے رہائی کے بعد جواہر لال نہرو یونیورسٹی کیمپس میں کی گئی تقریر سے متاثر ہوئے ہیں ۔ حلقہ لوک سبھا پٹنہ صاحب سے دوسری میعاد کے لئے بی جے پی رکن بننے والے شترو گھن نے کہا کہ کنہیا میں توانائی کوٹ کوٹ کر بھری ہے اور اس کی چال ڈھال متاثر کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کنہیا کے حق میں اس لئے کچھ کہہ رہے ہیں کہ اس نوجوان نے ملک کے خلاف کچھ نہیں کہا۔ وہ اس لئے بھی اس کے حامی ہیں کہ وہ بہار کا متوطن ہے۔ شترو گھن نے کہا کہ بہار میری طاقت ہے ۔ بہار میری کمزوری بھی ہے ۔

JNU row: Shatrughan Sinha hails Kanhaiya, finds his recent speech impressive

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں