کرنول میں ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کی تعمیر - 20 کروڑ روپے منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-31

کرنول میں ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کی تعمیر - 20 کروڑ روپے منظور

حکومت آندھرا پردیش نے چہارشنبہ 30/مارچ/2016 کو قانون ساز اسمبلی میں اردو یونیورسٹی کے قیام کا بل پیش کیا۔
اس بل کو ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر عبدالحق کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہ یونیورسٹی کرنول میں قائم کی جائے گی۔ وزیر فروغ انسانی وسائل گنٹا سرینواس راؤ نے مولوی عبدالحق اردو یونیورسٹی بل 2016 کو پیش کرتے ہوئے ایوان سے درخواست کی کہ وہ اسے منظور کریں۔
ڈاکٹر عبدالحق کی برصغیر ہندوستان میں تعلیم کے لئے ان کی خاطر خواہ خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ حکومت آندھرا پردیش نے ان کی خدمات کے پیش نظر اردو یونیورسٹی کو ان کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا۔

ممتاز ماہر تعلیم اور دانشور ڈاکٹر عبدالحق کے نام سے کرنول شہر میں ایک یونانی دواخانہ بھی قائم ہیں۔ انہوں نے آندھرا پردیش ٹاملناڈو اور کیرالا میں ایک درجن تعلیمی ادارے قائم کیے اور انہیں جنوب کا سرسید کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹر عبدالحق کے نام سے یونیورسٹی کا بل پیش کرتے ہوئے ایک تنازعہ بھی کھڑا ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحق اور مولوی عبدالحق دو مختلف شخصیتیں ہیں۔ حکومت ڈاکٹر عبدالحق کے نام سے اردو یونیورسٹی قائم کرنا چاہتی ہے لیکن غلطی سے بل میں مولوی عبدالحق لکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالحق کے پوتے ڈاکٹر جاوید رشید نے کہا کہ ترمیم کے ذریعہ نام کی تصحیح کی جانی چاہئے۔ کرنول شہر کے قریب اورواکلو [Orvakal] میں 125 ایکڑ رقبہ پر یہ یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔ جس کا سنگ بنیاد چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے گزشتہ سال نومبر میں رکھا تھا۔ حکومت نے پہلے مرحلہ کے طور پر یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کے لئے بیس کروڑ روپے منظور کر دئے ہیں۔

Dr. Abdul Haq Urdu University in Kurnool

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں