ملک نازک دور سے گزر رہا ہے - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-13

ملک نازک دور سے گزر رہا ہے - سونیا گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آٗی
مودی حکومت پر در پردہ تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے کیونکہ جو لوگ اقتدار میں ہیں وہ سیکولر ازم کو نشانہ بناتے ہوئے نفرت پھیلا رہے ہیں ۔ انہوں نے اس سے لڑنے کے لئے مختلف پس منظر کے لوگوں کو یکجا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ سونیا نے یہ ریمارکس جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام قومی یکجہتی کانفرنس کے شرکاء کے نام تحریری پیام میں کئے ۔ سونیا نے کہا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں ، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ، آپ ان طاقتوں سے بھی واقف ہیں جو ملک بھر میں نفرت پھیلا رہی ہیں بالخصوص سیکولرازم کو نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ یہ تشویش کی بات ہے۔ ایسی صورتحال میں اہم کام یہ ہوگا کہ بلا لحاظ مذہب و ذات رنگ و نسل کو ایک ساتھ لایاجائے ۔ سینئر کانگریس قائدغلام نبی آزاد نے مسز گاندھی کے حوالہ سے یہ بات کہی ۔ سونیا گاندھی نے اس سلسلہ میں اور ملک کی جدو جہد آزادی میں کانگریس کے ساتھ اس کی خدمات کے لئے جمعیۃ علماء ہند کے رول کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جمعیۃ نے پھر ایک اہم قدم اٹھایا ہے ۔ میں ملک کے اتحاد اور یکجہتی کے لئے جمعیۃ کے اس قدم کے لئے دعا گو ہوں اور امید کرتی ہوں کہ اس کی ان کوششوں کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔ غلام نبی آزاد کے علاوہ کانفرنس میں منی شنکر ایئیر ، صدر جمعیۃ علمائے ہند سید ارشد مدنی ، علماء اور ملک کے مختلف حصوں سے عیسائی، بدھ اور سکھ برادریوں کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔

Country passing through a critical phase, says Sonia Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں