مرکز اور ریاستوں کے تعاون سے ترقی تیز رفتار ہوگی - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-13

مرکز اور ریاستوں کے تعاون سے ترقی تیز رفتار ہوگی - وزیراعظم مودی

حاجی پور
یو این آئی، ایجنسیز
وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے درمیان آج اس وقت گرمجوشی دیکھی گئی جب دونوں نے بہار میں منعقدہ دو پروگراموں میں ایک ساتھ شرکت کی ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران دونوں قائدین نے ایک دوسرے کی زبردست مخالفت کی تھی ، تاہم آج دونوں قائدین کو ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار موڑ میں دیکھا گیا ۔ ایک موقع پر جب نتیش کمار تقریر کررہے تھے اور لوگ مودی، مودی کے نعرے لگارہے تھے تو مودی نے انہیں خاموش کردیا ۔ بہار میں اسمبلی انتخابات کے بعد مودی کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ جس گرمجوشی کا مظاہرہ مودی نے کیا، نتیش کمار نے بھی اتنی گرمجوشی کے ساتھ اس کا جواب دیا ۔ اپنی اپنی تقریروں میں دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا اور احتیاط سے کام لیا۔ دونوں قائدین سب سے پہلے پٹنہ ہائی کورٹ کی ایک سالہ طویل صدی تقاریب کے پروگرام میں شرکت کی ۔ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم نے عدالتوں میں طویل عرصہ سے زیر التوا معاملات کی یکسوئی کے لئے آج اختراعی خیال پیش کیا۔ وزیر اعظم نے بار، بنچ اور عدالتوں سے اپنی کارکردگی کے دوران ڈیجیٹل ٹکنالوجی کو استعمال کرنے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو ایک تجویز پیش کرنا چاہوں گا جس کا خیال مجھے ابھی آیا ہے کہ ہر سال اپنا ایک بلیٹن نکالے میں طویل عرصہ سے زیر التوامقدموں کو پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چند مقامات 40سالہ قدیم ہیں اور چند پچاس سالہ قدیم ہیں ۔ اس طرح کے مقدمات سے عدالتوں میں تاخیر سے متعلق عوام میں احساس پیدا ہورہا ہے ۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ ہندوستان اب ایک مزید با صلاحیت ملک بن گیا ہے ، اس کی اندرونی طاقت میں اضافہ ہوگیا اور اس کی جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ ایسے وقت جب کہ اپوزیشن مودی کو یہ کہہ کر تنقید کا نشانہ بنارہی ہے کہ ان کے دور میں جمہوریت کمزور ہورہی ہے ۔ نتیش کمار کا یہ تبصرہ بالواسطہ طور پر مودی کی تعریف سمجھاجارہا ہے ۔ اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے حاجی پور میں کہا کہ ملک کی قسمت تبدیل کرنے کے لئے بہار کی قسمت تبدیل کرنا ضروری ہے ۔ مودی نے ویشالی ضلع کے حاجی پور کے چھوکیا میں دیگھاریل و سٹرک پل، مونگیر ریل و سڑک پل پر مال گاڑیوں کی آمد ورفت کا آغاز کرنے کے علاوہ مکامہ کے راجندر پل کے متوازی نئے ریل پل کا سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ملک کی ترقی کے لئے بہار کی ترقی لازمی ہے اور اس کے لئے بہار کو ترقی کی نئی منزلوں پر لے جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا کوئی شارٹ کٹ طریقہ نہیں ہے اور اس کے لئے طویل مدتی پالیسیوں پر ان کی حکومت کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی ترقی ان کی حکومت کی ترجیح ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ریل، روڈ اور بنیادی ڈھانچے کے اندر اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ ترقی کی نہ صرف بنیاد رکھ دیتے ہیں بلکہ ترقی کی رفتار بھی دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں پچھلی حکومت نے پانچ سال میں ریلوے کی ترقی کے لئے جتنا خرچ کیا اس کا ڈھائی گنا زیادہ ان کی حکومت نے ڈیڑھ سال میں خرچ کیا ہے ۔

PM Modi talking about Centre and state collaborating for development

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں