پی ٹی آئی
وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی کو آج اس وقت ایک اور دھکہ لگا جب کہ ان کی پارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی نے اپنی وفاداری تبدیل کرتے ہوئے حکمراں جماعت تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس طرح تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہونے والے وائی ایس آر سی پی ارکان کی تعداد چھ تک پہنچ گئی ہے ۔ رکن اسمبلی حلقہ ایرا گونڈا پالم ڈیوڈ راجو نے ٹی ڈی پی سپریمووچیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی اور اپنی سابقہ پارٹی تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کرلی ۔ یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجو نے کہا کہ سابق میں وہ24سال تک ٹی ڈی پی سے وابستہ تھے۔ حلقہ کے عوام میں پائے جانے والے اختلافات کے سبب وہ تلگو دیشم میں شامل ہوئے ہیں ۔انہوں نے نائیڈو کی قیامگاہ پہنچ کر حکمراں جماعت میں شمولیت اختیار کرلی ۔ راجو2014میں وائی ایس آر سی پی میں شامل ہوئے تھے اور اس پ ارٹی کے ٹکٹ پر وہ حلقہ ایرا گونڈا پالم سے منتخب ہوئے تھے۔ اب تک کرنول اور کڑپہ کے دو ، دو اور وجیے واڑہ کے ایک رکن اسمبلی حکمراں جماعت میں شامل ہوچکے ہٰں ۔ آج راجو ، بھی حکمراں جماعت کا حصہ بن گئے ۔ ان کا تعلق ضلع پرکاشم ہے۔ کڑپہ کے ایک ایم ایل سی بھی ٹی ڈی پی میں شامل ہوچکے ہیں ۔ 175رکنی آندھرا پردیش اسمبلی میں اپوزیشن جماعت وائی ایس آر سی پی کے ارکان کی تعداد61تک محدود ہوکر رہ گئی ہے جب کہ چھ اپوزیشن ارکان کی ٹی ڈی پی میں شمولیت سے حکمراں جماعت کے ارکان110تک پہنچ گئی ہے ۔ جگن نے گزشتہ ہفتہ ، چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ لالچ دے کر اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو اپنی پارٹی میں شامل کررہے ہیں۔ انہوں نے منحرف ارکان پر زور دیا تھا کہ اگر ان میں ہمت ہے تو پہلے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں پھر جیت کر دکھائیں۔
حیدرآباد سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ نائیڈو ناجائز طریقہ سے حاصل کردہ دولت سے اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو خرید رہے ہیں ۔ نائیڈو کی یہ حرکت انتہائی غیر اخلاقی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے منحرف ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ پہ لے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیں دوبارہ جیت کر دکھائیں۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی ترجمان امباٹی رام بابو نے یہ بات کہی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایرا گنڈا پالم کے رکن اسمبلی راجو، جنہوں نے آج وجئے واڑہ میں ٹی ڈی پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے کو بھاری پیکیج دیا گیا۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں