وزیراعظم مودی کا آئندہ ماہ دورہ سعودی عرب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-29

وزیراعظم مودی کا آئندہ ماہ دورہ سعودی عرب

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ تین ملکوں کے دورہ میں سعودی عرب کا بھی سفر کریں گے ۔ 30مارچ سے شروع ہونے والے دورہ کے دوران وہ واشنگٹن بھی جائیں گے جہاں ایٹمی سلامتی کانفرنس( این ایس ایس) میں شرکت کریں گے ۔ ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے بھی اس کانفرنس میں موجود رہنے کی توقع ہے ۔ ذرائع کے مطابق مودی30مارچ کو بلجیم سے سہ ملکی دورہ کا آغاز کریں گے جہاں وہ ہند۔ یوروپ یونین کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں ۔ اگلے روز31مارچ کو این ایس ایس کے لئے واشنگٹن کا سفر کریں گے اور 2اپریل کو سعودی عرب کو دو روزہ کے لئے روانہ ہوں گے ۔ جہاں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط و مستحکم کرنے کے سلسلہ میں اہم اعلانات متوقع ہیں ۔ طاقتور عرب ممالک میں سے ایک سعودی عرب میں وہ اہم علاقائی اور باہمی امور پر سعودی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ اس گفتگو میں تجارت و توانائی کے مسائل شامل ہوں گے ۔ اس سے قبل ہندوستانی وزیر اعظم نے چھ سال قبل ریاض کا دورہ کیا تھا۔ مودی کے بین الاقوامی دورہ میں ریاض کو شامل کرنے سے دوونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت واضح ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان موجودہ علاقائی صورتحال اور کشیدگی کے تناظر میں مودی کا یہ دورہ کافی اہم ہوگا۔ سعودی عرب، ہندوستان کی تیل کی طلب کے پانچواں حصہ کی تکمیل کرتا ہے جب کہ وہ چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ سعودی عرب میں کثیر ہندوستانی برادری رہتی ہے ۔ واشنگٹن میں این ایس ایس میں تقریبا پچاس ممالک کے قائدین شرکت کررہے ہیں ۔ مودی اور شریف کے درمیان امکانی ملاقات کے بارے میں جہاں عہدیداروں نے خاموشی اختیار کررکھی ہے وہیں ماہرین کا احساس ہے کہ دونوں قائدین پیرس ہو یا لاہور جہاں بھی ان کا آمنا سامنا ہوا ایک دوسرے کو نظر انداز نہیں کرسکے ۔

PM Modi to visit Belgium, US, Saudi Arabia next month

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں