حکمرانی سے متعلق عوام سے تجاویز حاصل کی جائیں گی - کجریوال حکومت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-10

حکمرانی سے متعلق عوام سے تجاویز حاصل کی جائیں گی - کجریوال حکومت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی حکومت14فروری کو اقتدار پر ایک سال مکمل کرلے گی اور اسی دوران چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ ان کی کابینہ اس دن ایک جلسہ عام میں عوام سے تجاویز حاصل کرے گی اور ان کے سوالات کا جواب دے گی ۔ کجریوال اور ان کے کابینی وزراء فون پر بھی سوالات کا جواب دیں گے اور عوام کو گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی کامیابیوں کے بارے میں رپورٹ پیش کریں گے ۔ اس تقریب کے مقام کو ہنوز قطعیت نہیں دی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے اپنے ایک ٹوئٹر پیام میں کہا اتوار14فروری کو گیارہ تا ایک بجے دن ہماری کابینہ فون پر عوام کے سوالات کا جواب دے گی۔ انہوں نے ایک اور پیام میں کہا میری کابینہ اس دن عوام کے لئے کئے گئے کام کا حساب کتاب دے گی ۔ اس دن کی تیاریاں کرتے ہوئے چیف منسٹر نے مختلف محکموں کو یہ سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنی کامیابیوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں ۔ ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ اس تقریب میں گزشتہ ایک سال کے دوران عام آدمی پارٹی حکومت کی کامیابیوں پر ایک کتابچہ بھی جاری کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حکومت اس تقریب میں حکمرانی کے بارے میں بھی عوامی تجاویز حاصل کرے گی ۔ چیف منسٹر کی زیر قیادت کابینہ کے تمام ارکان اس تقریب میں موجود رہیں گے ۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی کامیابیوں کی ایک فہرست تیار کریں اور اسے چیف منسٹر کے دفتر میں داخل کریں ۔ عام آدمی پارٹی حکومت نے اپنے پہلے 100 دن کی تکمیل کے موقع پر کناٹ پیلس میں واقع سنٹرل پارک میں ایسی ہی ایک تقریب کا اہتمام کیا تھا ، تاکہ اپنی کامیابیوں کو پیش کرسکیں ۔ اس دن تقریب کے مقام پر ساری کابینہ موجود تھی اور تمام وزراء نے اپنی کامیابیوں کا مرکز کی نریندر مودی حکومت کے پہلے100دن کی کامیابیوں کے ساتھ تقابل کیا تھا۔

One year of AAP govt: Delhi CM Kejriwal to give report card

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں