پی ٹی آئی
بیف مسئلہ پر حکومت ہریانہ کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کانگریس قائد بھوپیندر سنگھ ہوڈا نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر منوہر لال کھٹر نے اس مسئلہ پر یوٹرن لے لیا ہہے اور بی جے پی کسی مستحکم پالیسی سے محروم ہے ۔ ہوڈا نے کہا کہ چیف منسٹر ہریانہ نے اب اپنے بیان پر یو ٹرن لے لیا ہے ۔ میں نے ان کا بیان پڑھا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ ہم بیرونی سیاحوں کے لئے بیف پر خصوصی اجازت حاصل کریں گے ۔ اسمبلی میں قانون منظور ہوچکا ہے ۔ اگر آپ خصوصی اجازت کے لئے ترمیم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو اسمبلی جانا ہوگا ۔ اسمبلی نے متفقہ طور پر تحفظ گائے قانون کو منظوری دی ہے۔ ہریانہ کے سابق چیف منسٹر نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں آریہ سماجی ہوں اور گائے کے گوشت کا استعمال کا مخالف ہوں ۔ جب ہم نے یہ کہا کہ ہم اس کی مخالفت کریں گے تو چیف منسٹر منحرف ہوگئے ، کیوں کہ بی جے پی کی کوئی مستحکم پالیسی نہیں ہے۔ قبل ازیں کھٹر نے مبینہ طور پر ذرائع ابلاغ سے کہا تھا کہ وہ ریاست میں بیرونی سیاحوں کے لئے بیف پر امتناع پر نرمی دینے کے لئے تیار ہیں ۔ بعد ازاں انہوں نے ریاست میں بیرونی سیاحوں کے لئے بیف کے مسئلہ پر کوئی نرمی دینے یا لائسنسن جاری کرنے کے کسی اعلان کی تردید کردی۔ واضح رہے کہ ہریانہ میں گزشتہ تقریبا گیارہ ماہ سے تحفظ گاؤ قانون پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے ۔ ہریانہ کے گاؤ ونش سنر کشن اور گاؤ سموردھن بل پر جسے اسمبلی نے گزشتہ سال مارچ میں منظوری دی ہے، نومبر میں صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد سے عمل آوری کی جارہی ہے ۔ قانون کے تحت گائے کی منتقلی ، ذبیحۃ اور گائے کا گوشت کھانے پر ریاست میں امتناع عائد ہے ۔ بی جے پی ترجمان نلین کوہلی نے کہا کہ مجھے قطعی طور پر یہ نہیں معلوم کہ کھٹر نے کیا کہا ہے اور کس سیاق و سباق مین یہ تبصرہ کیا ہے ۔ بہر حال بیف پر امتناع کے لئے مختلف قوانین ہیں اور مختلف ریاستوں میں طویل عرصہ سے ان پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔
Khattar denies controversy over beef ban
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں