جنگل راج کی واپسی اپوزیشن کا جھوٹ - لالو پرساد یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-09

جنگل راج کی واپسی اپوزیشن کا جھوٹ - لالو پرساد یادو

پٹنہ
آئی اے این ایس
راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) سربراہ لالو پرساد یادو نے کہا ہے کہ بہار میں جنگل راج کی واپسی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پھیلایا گیا جھوٹ ہے تاکہ ریاست کو بدنام کیاجاسکے ۔ لالو نے اتوار کو دہلی سے یہاں آمد پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ اپوزیشن جماعتیں ریاست کو ایک بار پھر بدنامکرنے کی سازش کے طور پر بہار میں جنگل راج کی واپسی کے بارے میں جھوٹی باتیں پھیلا رہی ہیں ۔ لالو نے لوک جن شکتی پارٹی قائد چراغ پاسوان کی جانب سے ہفتہ کے دن کئے گئے اس مطالبہ کو مسترد کردیا کہ جنتادل یو، آر جے ڈی اور کانگریس زیر قیادت عظیم اتحاد کی حکومت میں بہار میں نظم و ضبط کی ابتر صورتحال کے پیش نظر صدر راج نافذ کیاجانا چاہئے ۔ لالو نے جن کے دو لڑکے تیجسوی پرساد اور تیج پرتاپ ، ریاستی حکومت میں وزراء ہیں جب کہ اول الذکر ڈپتی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے لڑکے چراغ پاسوان نے جمعہ کے دن یہاں چند افراد کی جانب سے ان کی پارٹی قائد برج ناتھی سنگھ کو ہلاک کیے جانے کے سیاق و سباق میں مذکورہ بیان دیا۔ سنگھ، مجرم سے سیاستداں بنے تھے اور کبھی انہیں ضلع ویشالی کے رگھو پور علاقہ میں دہشت تصور کیاجاتا تھا۔ لالو نے کہا کہ اپوزیشن ہنوز انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد کیے جانے کو تسلیم نہیں کرپائی ہے اسی لیے وہ بہار کی خراب شبیہہ پیش کرنا چاہتی ہے ۔ یو این آئی کے بموجب لوک جن شکتی پارٹی سربراہ و مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے آج چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور اپنے پارٹی قائد برج ناتھی سنگھ کی گزشتہ جمعہ کو ریاستی دارالحکومت کے مضافات میں قتل کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ پاسوان نے یہاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ نتیش کما ر، ریاست میں عظیم اتحاد کی حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد نظم و ضبط کی صورتحال میں ابتری کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرنے سے بچ نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ایسی صورتحال میں فوری اپنے عہدہ سے مستعفیٰ ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مہلوک ایل جے پی لیڈر کے افراد خاندان نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ وحشیانہ قتل ایک سیاسی سازش کا نتیجہ ہے اور ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ سچائی کو منظر عام پر لانے سی بی آئی تحقیقات کا حکم دے۔

Claims of 'jungle raj' in Bihar are an opposition conspiracy, says Lalu Prasad Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں