ہندوستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کلیدی رول - اے ایم یو کانوکیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-28

ہندوستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کلیدی رول - اے ایم یو کانوکیشن

علی گڑھ
پی ٹی آئی
اقلیتوں کی حالت زار بالخصوص تعلیم کی کمی اور غربت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ہندوستانی نژاد امریکی صنعت کار فرینک اسلام نے آج کہا کہ اقلیتوں اور دیگر غیر مراعات یافتہ گروپس کی ترقی ہندوستان کی معاشی ترقی کے لئے فیصلہ کن ہے ۔انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے63ویں سالانہ کانوکیشن(جلسہ تقسیم اسناد) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کی حالت زار کے تعلق سے اعداد و شمار بالخصوص تعلیم کی کمی اور غربت چونکا دینے والے ہیں۔ فرینک اسلام انوسٹمنٹ گروپ(امریکہ) کے صدر نشین نے کہا کہ انہیں اس حقیقت پر ناز ہے کہ ہندوستان دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت بن چکا ہے لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ اس ترقی کے باوجود اگر اقلیتیں اور وہ لوگ جو سماجی، تعلیمی اور معاشی لحاظ سے غیر مراعات یافتہ ہیں ، غریب رہیں اور تعلیم سے محروم رہیں تو پورا ملک مجموعی طور پر اس سے متاثر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی کو ساتھ لے کر چلنے والی ملک کی معاشی ترقی کا مستقبل طئے کرنے میں ہندوستان کی اقلیتوں کی سر گرم حصہ داری لازمی طور پر ہونی چاہئے ۔ جب اقلیتیں ترقی کی سیڑھی چڑھیں گی تو وہ ہندوستان اور دنیا کی صورتحال بدل دیں گی۔ قوم کی تعمیر میں اے ایم یو کے رول کا حوالہ دیتے ہوئے فرینک اسلام نے طلبا سے کہا کہ مجھے آپ میں ہندوستان کا مستقبل دکھائی دیتا ہے۔ ہم بڑے مشکل حالات میں جی رہے ہیں کیونکہ تفرقہ پسند طاقتیں اور مذہبی انتہا پسندی زوروں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو آج پہللے سے کہیں زیادہ ایسے نوجوان مرد و خواتین کی ضرورت ہے جو اپنی تعلیم کے ذریعہ اہم مسائل حل کرسکیں۔ فرینک اسلام علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم یو میری زندگی کا اٹوٹ حصہ ہے جس نے میری منزل متعین کی۔ فرینک اسلام کو مشہور ماہر امراض قلب اشوک سیٹھ کے ساتھ سائنس کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ آج400سے زائد طلبا کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔ ان کے علاوہ پانچ ہزار سے زائد گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگریاں بھی تقسیم کی گئیں ۔ یونیورسٹی کے ذہین طلبا کو200میڈلس دئیے گئے۔

Key role of minorities in India's development - AMU convocation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں