مرکز یونیورسٹیوں کو ہندو راشٹر کے مطابق تبدیل کرنے کا خواہاں - یچوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-21

مرکز یونیورسٹیوں کو ہندو راشٹر کے مطابق تبدیل کرنے کا خواہاں - یچوری

حیدرآباد
یو این آئی
سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری نے حیدآباد سنٹرل یونیورسٹی میں دلت ریسرچ اسکالر روہت ویمولاکی خود کشی کا سبب بننے والے حالات کے لئے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی وزراء کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے آج یونیورسٹی پہنچ کر معطل احتجاجی طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے یگانگت کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو سیاسی نقطہ نظر سے مرکزی حکومت ہندو راشٹر کے مطابق تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستور کی خلاف ورزی ہے اور اسے ہرگز قبول نہیں کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک یونیورسٹی میں 12طلبہ نے خود کشی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تقرری ہی مشکوک طور پر کی گئی اور یہ معاملہ بالکل سیاسی نوعیت کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن حالات میں وائس چانسلر کو مقرر کیا گیا ہے وہ بھی ایک تنازعہ کا سبب بنا ہے ۔ دوسری جانب کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ، ہنمنت راؤ نے بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی دھر راؤ کی جانب سے کل دئیے گئے بیان پر افسوس کا اظہار کیا جنہوں نے کہاتھاکہ حیدرآبادسنٹرل یونیورسٹی کے دلت ریسرچ اسکالر روہت نے نفسیاتی اثر کے سبب خود کشی کی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طالب علم کے سوشل بائیکاٹ کے سبب وہ نفسیاتی طو رپر متاثر ہوا ۔ ہنمنت راؤ نے کل کیمپس میں راہل گاندھی کے دورہ کو سیاسی کھیل قرار دیتے ہوئے مرلی دھر راؤ کے ریمارک پر بھی اعتراض کیااور کہا کہ طلبہ سے ہمدردی کا اظہار کرنا بھی کیا گنا ہے ؟ کیا انسانی بنیادوں پر یونیورسٹی کیمپس کا دورہ کرنا غلط بات ہے؟ انہوں نے بی جے پر زور دیا کہ وہ پہلے اپنے سسٹم کو تبدیل کرے ۔ بھید بھاؤ کی دکان کو بند کرے، پچھڑے طبقات کو دبانے کا کام بند کیاجائے اور وائس چانسلر کو فوری طور پر برطرف کیاجائے ۔

Yechury seeks Mukherjee’s intervention in Hyderabad varsity issue

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں