تلنگانہ - کاکتیہ تھرمل پاور پلانٹ-II قوم کے نام معنون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-06

تلنگانہ - کاکتیہ تھرمل پاور پلانٹ-II قوم کے نام معنون

ورنگل
یو این آئی، منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج ضلع ورنگل کے بھوپال پلی میں600ایم ڈبلیو برقی پیدا کرنے والے کاکتیہ تھرمل پاور پلانٹ کے دوسرے مرحلہ کو قوم کے نام معنون کیا ۔ اس موقع پر یہاں منعقدہ عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کے چندر شیکھر راؤ نے یہ دعویٰ کیا کہ تلنگانہ بہت جلد امیر ریاست بن جائے گی اور سال2018تک ریاست بلا وقفہ برقی سربراہی کے موقف میں آجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تمام آبپاشی پراجکٹوں کی تکمیل کے لئے حکومت، ہرسال بجٹ میں25ہزار کروڑ روپے مختص کرے گی ۔ راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت خریف سیزن میں کسانوں کو بلا ناغہ9گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کو پورا کرے گی ۔ اور یہ برقی دن کے ایام میں سربراہ کی جائے گی ۔ انہوں نے کلیان لکشمی اسکیم سے ایس سی اور ایس ٹی لڑکیوں کو مستفید کرانے کا تیقن دیا اور کہا کہ حکومت، تمام سفید راشن کارڈ کے حامل تمام برادریوں کو اس اسکیم کے تحت لایاجائے گا۔ آئندہ منعقدہ شدنی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے عوام سے وعدوں کی بارش کردی ، انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقلیتوں کے لئے200اقامتی اسکولس قائم کئے جائیں گے ۔ قبل ازیں اسپیکر ریاستی اسمبلی مدھو سدن چاری نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بھوپال پلی کو ضلع بنانے کی اپیل کی ۔ نمائندہ منصف ورنگل کے بموجب یاد گیر کٹہ کے درمیان قومی شاہراہ کی توسیع پروگرام کے دوسرے دن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پسماندہ بھوپال پلی ٹاؤن کی ترقی کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔ یہاں تھرمل پاور پلانٹIIکا افتتاح کرنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے راؤ نے کہا کہ دیوادولہ پراجکٹ کے تیسرے مرحلہ کے کام، رامپا تک مکمل کرلئے گئے ہیں اور بہت جلد نہروں کے ذریعہ رامپا کو پانی سربراہ کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ یہاں کے دیہی علاقوں کو لفٹ کے ذریعہ پانی سربراہ کیاجائے گا ۔ بھوپال پلی میں جونیر کالج، ڈگری اور پی جی کالج کا قیام عمل میں لایاجائے گا اور تین کالجس، ایک ہی چھت کے نیچے کام کریں گے ۔ بہت جلد یہاں پالی ٹیکنک بھی قائم کی جائے گی۔ اسپیکر اسمبلی کی اپیل پر کے سی آر نے چنچو قبائل کے لئے تین ہزار امکنہ تعمیر کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ انقلابی شہر ورنگل کی ہمہ جہت ترقی ان کا دیرینہ خواب ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی انسانی ہمدردی کے کام کرے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت عوام کے تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک کررہی ہے ۔ ہر طبقہ کے ساتھ انصاف کرے گی جس کا مقصد ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند قائدین تلنگانہ کی ترقی کو برداشت نہیں کرپارہے ہیں۔ اس لئے وہ حکومت پر من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے اپنی تقریر میں کہا کہ چیف منسٹر ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے لئے شب و روز مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے بل اپوزیشن قائدین نے من گھڑت بیانات دئیے تھے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد نئی ریاست میں اندھیرا راج ہوگا، ترقی کا نام و نشان نہیں ہوگا جب کہ آج وزیر اعلیٰ نے600میگا واٹس تھرمل پاور پلانٹIIکا افتتاح کیا ، جو تلنگانہ مخالف عناصر کے منہ پر ایک طمانچہ ہے ۔ اس موقع پر اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے کہا کہ چندرا شیکھر راؤ کے دور میں کئی ایک ترقیاتی کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کی پہلی سیڑھی زراعت ہے ۔ جس کے لئے حکومت تالابوں کی مرمت، لفٹ اریگیشن کاموں کو تیزی سے مکمل کررہی ہے ۔ اس موقع پر وزیر برقی جگدیش ریڈی ، وزیر زراعت پوچا رام سرینواس ریڈی، اجمیرا چندو لال کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ و ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ ارکان اسمبلی موجود تھے ۔

KCR dedicates 600 MW Kakatiya Thermal power plant Stage II to nation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں