ہند و پاک معتمدین خارجہ ملاقات ملتوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-15

ہند و پاک معتمدین خارجہ ملاقات ملتوی

اسلام آباد
آئی اے این ایس
ہند۔ پاک معتمدین خارجہ بات چیت ملتوی کردی گئی ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی ایم خلیل اللہ نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ممالک بات چیت کی نئی تاریخ مقرر کرنے کے لئے مسلسل ربط میں ہیں ۔ انہوں نے وضاحت کہ قبل ازیں معتمدین خارجہ بات چیت جمعہ کو مقرر تھی جو ملتوی کردی گئی۔ اب نئی تاریخ باہمی سہولت کے مطابق طے کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں دونوں ممالک کے عہدیداروں کے درمیان ربط و ارتباط کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان نے اس التوا کا کوئی سبب نہیں بتایا تاہم مشہوریہ ہے کہ نئی دہلی نے بات چیت کو مشروط کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ پہلے پٹھان کوٹ میں ہندوستانی فضائیہ کے فوجی اڈہ پر حملہ میں ملوث پاکستانی تنظیم جیش محمد سے وابستہ چھ دہشت گردوں کو مورد الزام ٹھہرایا ہے ۔ 2جنوری کے حملہ میں ہندوستانی سیکوریٹی فورسس کے سات فوجی ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک اعلیٰ عہدیدار بھی شامل تھا۔ جھڑپ کے دوران سیکوریٹی فورسس نے تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیاتھا۔ اس کے بعد ہندوستان نے پاکستان کو ثبوت و شواہد پیش کرتے ہوئے جیش محمد کے خلاف کارروائی کی شرط رکھی کہ حملہ کے منصوبہ ساز اسی تنظیم سے وابستہ ہیں ۔ پاکستان نے چہار شنبہ کو جیش محمد کے بعض کارکنوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا جن میں مولانا مسعود اظہر کے بھائی شامل ہیں ۔ میڈیا اطلاعات میں بعد ازاں بتایا گیا کہ مولانا مسعود اظہر کو گرفتار کرکے جیش محمد کا دفتر مہر بند کردیا گیا ہے ۔

India, Pakistan agree to put off Foreign Secretary talks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں