یو این آئی
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت امکان ہے کہ چند ہفتوں کے لئے ملتوی کردی جائے گی۔ پاکستان کے نیوز چینل نے اعلیٰ سطحی ذرائع کے حوالہ سے اطلاع دی کہ پٹھان کوٹ حملہ کے پیش نظر مجوزہ مذاکرات چند ہفتوں کے لئے ملتوی ہوسکتے ہیں ۔ پاکستان کو ابھی تک معتمدخارجہ ہند ایس جے شنکر کے15جنوری کو دورہ اسلام آباد کے سلسلہ میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے اور امکان ہے کہ نئی دہلی اس ہفتہ بات چیت ملتوی کردینے کا اعلان کرے گا ۔ دی نیو ز کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ قومی سلامتی مشیروں کی سطح پر رابطہ قائم کرنے کی کچھ کوششیں کی گئی ہیں لیکن اس کے لئے ابھی کچھ وقت لگے گا ۔ اسی دوران نئی دہلی میں قومی سلامتی مشیر اجیت دوول نے ایک رپورٹ کو یکسر مسترد کردیا جس میں ان کے حوالے سے کہا گیا کہ ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کو منسوخ کردیا ہے ۔ انہوںنے اس بات پر زور دیاکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان کو پٹھان کوٹ حملہ پر فوری اور فیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا ۔ اسی دوران نئی دہلی میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ذرائع کے مطابق انہوں نے ہند۔ پاک معتمدین خارجہ مذاکرات کے سلسلہ میں پائی جانے والی غیر یقینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سوراج کی خواہش پر ہوئی یہ ملاقات بیس منٹ جاری رہی ۔ لیکن سنگھ اور سوراج دونوں ہی کے دفاتر نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ دونوں کے درمیان کن مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ ذرائع نے اشارہ دیا کہ حال ہی میں پٹھان کوٹ میں دہشت گرد حملہ ہوسکتا ہے ان کی گفتگو کا موضوع رہا ہو۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان میں قائم دہشت گرد گروپوں کے بارے میں تمام معلومات اور مواد وزارت خارجہ کے حوالہ کیاگیا۔
Cloud over Indo-Pak ties, talks likely to be postponed
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں