پاکستان میں خیبر پختونخوا کی باچا خان یونیورسٹی پر طالبان کا حملہ - 25 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-21

پاکستان میں خیبر پختونخوا کی باچا خان یونیورسٹی پر طالبان کا حملہ - 25 ہلاک

پشاور
پی ٹی آئی
پاکستان کے شورش سے متاثرہ شمال مغربی خیبر پختونخوا صوبہ میں کم از کم پچیس افراد ہلاک اور پچاس دیگر اس وقت زخمی ہوگئے جب بھاری اسلحہ سے لیس طالبان جنگجوؤں نے ایک باوقار یونیورسٹی پر حملہ کردیا اور اساتذہ و طلباء پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق بندوق برداروں نے ضلع چار سدہ میں واقع باچا خان یونیورسٹی میں گھس کر ہاسٹلس اور جماعتوں میں طلباء اور ٹیچرس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔ یونیورسٹی کیمپس کے اندر دھماکوں اور شدید گولہ باری کی آوازیں سنائی دیں ۔ پاکستان تحریک انصاف پارٹی کے لیڈر اور صوبائی رکن قانون ساز شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ ایک پروفیسر کے بشمول25افرا د ہلاک ہوگئے ہیں اور تقریبا پچاس دیگر زخمی ہوگئے ۔ قصبہ کے تمام ہاسپٹلوں میں ایمر جنسی کا اعلان کردیا گیا ہے ، علاقہ کے تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا ۔ یوسف زئی نے بتایا کہ چار تا دس بندوق برداروں نے یہ حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے حکومت کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم بجوا نے ٹویٹ کے ذریعہ کہا کہ سیکوریٹی فورسس کی کارروائی میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے ایک گوشے میں فوج کی جانب سے تلاشی لی جارہی ہے ۔ یونیورسٹی کیمپس کے اندر فائرنگ کرنے والے دو جنگجوؤں کوفوج کی جانب سے ہلاک کیا گیا ۔ اس مہم میں کمانڈوز نے بھی حصہ لیا ۔ تحریک طالبان پاکستان نے حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ انٹلیجنس ذرائع کے حوالہ سے میڈیا نے بتایا کہ حملہ آور18تا25سال کی درمیانی عمر کے تھے یونیورسٹی چانسلر ڈاکٹر فضل رحیم نے کہا کہ کہ حملہ کے وقت یونیورسٹی میں تقریبا تین ہزار طلباء تھے جبکہ خدائی خدمتگار خان عبدالغفار خاں عرف باچا خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ ادبی سمپوزیم میں شرکت کے لئے مزید600مہمان آئے ہوئے تھے۔ باچا خان کی موت20نوری1988ء کو ہوئی تھی ۔ ڈاکٹر رحیم نے کہا کہ حملہ میں یونیورسٹی کے چار گارڈس اور ایک پولیس جوان ہلاک ہوگیا ۔ جیو ٹی وی کے مطابق مہلوکین میں شعبہ کیمیا کے پروفیسر34سالہ حامد حسین شامل ہیں۔ ایک ٹیچر نے بتایا کہ دہشت گرد حامد کے کمرے میں داخل ہوئے اور ان کے سر میں گولی مار دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔ صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے دہشت گرد حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور سیکوریٹی ایجنسیوں کو ہدیات دی کہ یونیورسٹی کو دہشت گردوں سے جلد از جلد پاک اور صاف کیاجائے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم صورتحال پر شخصی طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انہیں تازہ حالات سے باخبر رکھا جارہا ہے ۔ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر ، قومی اسمبلی پنجاب خیبر پختونخوا اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی حملہ کی مذمت کی ۔

Pakistan attack: 25 killed as Taliban militants storm Bacha Khan University

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں