پی ٹی آئی
لڑائی شروع ہونے کے تین دن بعد آج سیکوریٹی فورسس نے پٹھان کوٹ فضائی اڈے میں روپوش رہ کر مقابلہ کرنے والے مزید دو دہشت گرد وں کو ہلاک کردیا ہے۔ تاہم اس حملہ نے پاکستان کے ساتھ آئندہ ہفتہ معتمدین خارجہ کی سطح پر مذاکرات کے انعقاد پر سوال اٹھا دیا ہے ۔ نیشنل سیکوریٹی گارڈس( این ایس جی) کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل وشانت سنگھ نے کہا کہ مہم ہنوز جاری ہے ۔ انہوں نے قبل ازیں کہا تھاکہ چار دہشت گر د ہلاک ہوگئے ہیں تاہم شام میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہم ہنوز جاری ہے اور فورسس نے پانچویں دہشت گرد کو ہلاک کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ مزید دہشت گردوں کی امکانی موجودگی کے پیش نظر تلاشی مہم جاری ہے جو اسی وقت ختم کی جائے گی جب فضائی اڈے کے پوری طرح محفو ظ ہونے کایقین ہوجائے گا۔ اسی دوران اطلاعات کے مطابق حکومت پڑوسی ملک کے ساتھ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کے سلسلہ میں مختلف امکانات پر غور کررہی ہے ۔ ایک فوجی اہلکار نے قبل ازیں بتایا کہ دہشت گر د ایک دو منزلہ عمارت میں چھپے ہوئے ہیں ۔ اس عمارت میں فضائیہ کے جوانوں کی رہائش گاہ ہے ۔ اس وقت اس عمارت کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے کارروائی جاری ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد فضائیہ کے اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے اور میں سبھی کو یقین دلانا چاہوں گا کہ یہ اثاثے محفوظ رہیں گے ۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ ہم نے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ اس کی کارروائی کے نتیجہ میں کوئی جان و مال کا نقصان نہ ہو ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہلاک شدہ دہشت گرد پاکستان سے آئے تھے ، فوجی ترجمان نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پٹھان کوٹ فضائی اڈہ میں جاری مہم اور افغانستان میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ کے واقعات پر غوروخوض کیا گیا ۔ قومی سلامتی مشیر اجیت دوول کے بشمول اعلیٰ سیکوریٹی عہدیداروں نے بتایا جاتا ہے کہ مودی کو پٹھان کوٹ اور ساتھ ہی مزار شریف میں ہندوستانی قونصل خانہ پر دہشت گردانہ حملوں اور سیکوریٹی فورسس کی کارروائی سے واقف کروایا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر دفاع منوہر پاریکر بھی اجلاس میں موجود تھے ۔ دونوں ہی کابینی کمیٹی برائے سلامتی کے ارکان ہیں۔ کرناٹک کے دو روزہ دورہ سے واپسی کے بعد مودی نے کل شام بھی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا تھا جس میں دوول کے علاوہ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر بھی شریک تھے ۔ وزیر اعظم نے آج کے اجلاس میں دونوں واقعات کی تفصیلات معلوم کیں اور سیکوریٹی صورتحال سے بھی واقفیت حاصل کی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے نئی دہلی میں قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے کہا کہ چار نعشیں برآمدکرلی گئی ہیں اور مزیددو نعشیں نکال لی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ فضائی اڈے پر تمام اثاثہ جات بالکل محفوظ ہیں ۔ سیکوریٹی فورسس نے دہشت گردوں کو اہم دفاعی تنصیبات سے قابل لحاظ فاصلہ رکھنے میں کامیابی حاصل کی جس کے نتیجہ میں فضائی اڈے پر کوئی دفاعی نقصان نہیں پہنچا ۔ وزیر فینانس نے تاہم اس سوال کو ٹال دیا کہ آیا پٹھان کوٹ اور مزار شریف حملوں کے بعد بھی پاکستان کے ساتھ مجوزہ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان معامالت پر ہم غور کریں گے ۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا دونوں حملوں میں کوئی رابطہ تھا انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
2 more terrorists killed in Pathankot shootout by security forces
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں