سالانہ سیفی فیسٹول میں وزیراعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو کی غیرموجودگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-29

سالانہ سیفی فیسٹول میں وزیراعلیٰ اترپردیش اکھلیش یادو کی غیرموجودگی

سیفئی(اٹاوہ)
یو این آئی
بالی ووڈ اسٹاروں کی شرکت کے سبب ہمیشہ سرخیوں میں رہنے والے سیفئی فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کی غیر موجودگی بحث کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ فیسٹیول کا افتتاح26دسمبرکو ہوا تھا ۔ گزشتہ برسوں میں افتتاح سے اختتام تک تقریبا ہر روز چیف منسٹر اپنے آبائی گاؤں میں اسی کے نام سے منعقد ہونے والے سیفئی فیسٹیول میں موجود رہتے تھے لیکن اس بار اب تک انہوں نے فیسٹیول سے کنارہ کررکھا ہے ۔ یہ فیسٹیول17برسوں سے ہورہا ہے اور اس کی شروعات ملائم سنگھ یادو نے کی تھی ۔ سماج وادی پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر اپنی ٹیم کے سنیل یادو جن ، آنند بھدوریا اور سبودھ یادو کو پارٹی سے نکالے جانے سے پریشان ہین ۔ اسی لیے وہ اب تک سیفئی فیسٹیول میں نہیں گئے ۔ ان کی ٹیم کے تینوں لیڈروں کو گزشتہ25دسمبر کو پارٹی مخالف سر گرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پارٹی سے نکال دی اگیا ۔ ان پر ضلع پنچایت صدر کے عہدے کے لئے اعلان شدہ پارٹی کے امید واروں کی مخالفت کرنے کا الزام بھی لگا ہے ۔ اس سے پہلے متھرا میں اسمبلی کا ضمنی انتخابات لڑ چکے وزیر اعلیٰ کی ٹیم کے ایک اور لیڈر سنجے ڈاگر کو بھی پارٹی سے نکال دیا گیا تھا ۔ انہیں نکالے جانے کے وقت بھی مسٹر یادو نے ناخوشی ظاہر کی تھی اور ایک دن بعد ہی مسٹر ڈاگر کو اپنے ساتھ لے کر کولکاتا کسی پروگرام میں چلے گئے تھے ۔ اس کے بعد ہی ان کی پارٹی میں واپسی ہوگئی تھی ۔ لکھنو کے لوہیا پارک اور مین پوری میں منعقدہ پروگرام میں ایس پی صدر ملائم سنگھ یادو کے ذریعہ اپنی ہی پارٹی کی حکومت کی عوامی طور پر تنقید کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے للت پور میں ایک نجی شعبے کے بجلی کارخانہ کی افتتاحی تقریب سے کنارہ کرلیا تھا ۔ کارخانہ کا افتتاح وزیر اعلیٰ کی غیر موجودگی میں ملائم سنگھ یاد ونے کیا تھا ۔ گیارہ جنوری تک چلنے والے سیفئی فیسٹیول میں اب تک وزیر اعلیٰ کا شامل نہ ہونا سیاسی حلقوں میں خوب موضوع بحث ہے ۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ کو چھوڑ کر یادو کنبے کے سربراہ ملائم سنگھ یادو، رام گوپال یادو ، شیوپال یادو ، دھرمیندر یادو، تیج پرتاپ یادو اور اکشے یادو سمیت تمام لوگ موجود تھے ۔ چیف منسٹر کے چھوٹے بھائی پرتیک یادو کی بیوی ارپنا یادو نے تقریب میں گانا بھی پیش کیا ۔ دوسری طرف فیسٹیول کے کنوینر ایم پی دھمیندر یادو کا کہنا ہے کہ اکھلیش یادو کسی ناراضگی کی وجہ سے نہیں بلکہ مصروفیت کی وجہ سے نہیں آپارہے ہیں ۔ جیسے ہی انہیں وقت ملے گا وہ آئیں گے۔ چیف منسٹر ہونے کے ناطے ان پر کافی ذمہ داری ہے ۔

Upset over sacking of aides, UP CM Akhilesh Yadav skips annual Saifai Mahotsav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں