بہبودی پروگراموں کے معاملے میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-21

بہبودی پروگراموں کے معاملے میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست

حیدرآباد
ایس این بی
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ 26خصوصی بہبودی پروگرامس پر عمل آوری کے ذریعہ ملک کی صف اول کی ریاست بن چکی ہے ۔ کے ٹی راما راؤ آج سرسلہ میں واسوی کلیانہ منڈپم میں غریب عیسائیوں میں ملبوسات کی تقسیم اور طعام کے پروگرام میں خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت سب کے جذبات اور عقائد کا احترام کرتی ہے ، چنانچہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے بتکماں، عید رمضان اور کرسمس کو سرکاری طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ہر مذہب کے ماننے والوں میں غریب لوگ شامل ہیں ، اور ریاستی حکومت عید اور تہوار وں کے مواقع پر متعلقہ عوام میں خود اعتمادی اور ان میں احساس تحفظ کو فروغ دینے کے لئے کپڑوں اور دعوت کا انتظام کررہی ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آسرا ، راشن کے چاول، طلباء کو باریک چاول اور دیگر اسکیمات پرعمل آوری کے ذریعہ ایک مثال قائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مستحقین کو دیپم اسکیم کے تحت کنکشنس کی منظوری دی جائے گی ۔ اور مڈ ڈے میل کی تیاری کرنے والوں کے لیے لکڑیوں پر پکوان کے بجائے گیس کنکشن کی فراہمی کی سعی کی جائے گی۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اس موقع پر12افراد نے گھر کے تعمیر کے لیے اراضی کے پٹہ جات،4افراد کو اسائینڈ اراضیات کے اسنادات ، دیپم اسکیم کی منظوری کے احکامات تقسیم کئے ۔ بعد ازاں کے ٹی راما راؤ نے5.62کروڑ روپے لاگت سے تالاب کے منی ٹینک بینڈ کے تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور15کروڑ کی لاگت سے ویملواڑہ4لائن سڑک کا افتتاح انجام دیا۔ اس پروگرام میں رکن قانون ساز کونسل این لکشمن راؤ، ضلع کلکٹر نیتو پرساد ، اسسٹنٹ کلکٹر گوتم ، سرسلہ آر ڈی او بی بھٹنائیک، سرسلہ صدر نشین بلدیہ سومالا پوانی ، نائب صدر نشین لکشما ریڈی ، ایم پی ڈی اوز۔ تحصیلدار ، ایم پی ٹی ٹیز ، زیڈ پی ٹی سیز، سرپنچوں و دیگر نے شرکت کی ۔

Telangana tops in welfare schemes: KTR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں