منصف نیوز نیورو
تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج و انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی( آئی ٹی) کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ حکومت، آئندہ ماہ جنوری کے تیسرے ہفتہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) کے انتخابات منعقد کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں ۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حکمراں ٹی آر ایس ، جی ایچ ایم ایس انتخابات کے لئے علیحدہ انتخابی منشور جاری کرے گی جس میں بے گھر غریبوں کو ڈبل بیڈ روم ہاؤزنگ اور دیگر فلاحی اسکیمات کو شامل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو یقین ہے کہ شہر کا میئر پارٹی امید وار ہی بنے گا ۔ ہماری پارٹی کا قائد ہی میئر رہے گا۔ شہر میں مقیم دوسری ریاستوں کے افراد کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کرنے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس مسئلہ کا جائزہ لے رہا ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سٹرلس بھی ٹی آر ایس کا ساتھ دیں گے اور حکمراں جماعت کے حق میں اپنے ووٹوں کا استعمال کریں گے ۔ ایسا نہیں ہے کہ سٹلرس یوں ہی ٹی آر ایس کوووٹ دیں گے بلکہ یہ سٹلرس حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹی آر ایس کو ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی نے اب تک پانچ سے زائد مرتبہ سروے کرایا ہے جس میں ٹی آر ایس کو دیگر جماعتوں پر سبقت ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں اپوزیشن کا مکمل طور پر صفایاہوجائے گا۔ وزیر پنچایت راج نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق نوٹسیں ملنا معمول کی بات ہے ۔ وہ الیکشن کمیشن کو اپنا جواب داخل کریں گے ۔
TRS will bag GHMC Mayor post: KTR
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں