پاکستانی سر زمین کو چومنا مہنگا ثابت ہوگا - مودی کو شیو سینا کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-29

پاکستانی سر زمین کو چومنا مہنگا ثابت ہوگا - مودی کو شیو سینا کا انتباہ

ممبئی
پی ٹی آئی، یو این آئی
ہندوستان کے خون میں ڈوبی ہوئی پاکستان کی سر زمین کو چومنا مہنگا ثابت ہوگا ۔ شیو سینا نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو انتباہ دیتے ہوئے یہ بات کہی اور یاد دلایا کہ کس طرح پڑوسی ملک سے قربت کی کوششوں نے بی جے پی کی بڑی بڑی شخصیتوں کو سیاسی زوال سے دو چار کردیا۔ شیو سینا کے ترجمان سامنا نے اپنے اداریہ میں لکھا کہ جو بات یاد رکھنی ہے وہ یہ ہے کہ جس کسی سیاستداں نے پاکستان سے قریب ہونے کی کوشش کی وہ زیادہ طویل عرصہ تک سیاست میں اپنے آپ کو قائم نہیں رکھ سکا۔ شیو سینا نے کہا کہ پاکستانی سر زمین ہندوستانی سیاستدانوں کے لئے لعنت کا باعث ہے ۔ شیو سینا کے ترجمان سامنا میں لکھے گئے اداریہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو انتباہ دیا گیا کہ وہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کی طرح خطرہ کو دعوت نہ دیں ۔ پارٹی نے کہا کہ مودی کے اچانک دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا گیا، بالخصوص بی جے پی کے سر کردہ لیڈر اور پارٹی کے رہنما ایل کے اڈوانی نے اس کی ستائش کی ہے ۔ سبھی چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ہوں لیکن مودی کو ویسی لعنت میں مبتلا نہیں ہونا چاہئے جس میں واجپائی ہوئے تھے ۔ اداریہ میں کہا گیا کہ مودی نے پاکستان کا اچانک دورہ کرتے ہوئے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا ہے ۔ مودی نے نواز شریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دینے کے مقصد سے یہ دورہ کرتے ہوئے ایک ماہرانہ چال چلی ہے۔ مودی نے نہ صرف اپنے ہم منصب کو مبارکباد دی بلکہ ان کے گھر گئے اور شریف کے خاندان کی شادی کیت قریب میں شرکت کی۔ وہ شریف کی ماں کو نمسکار کہنے جھک پڑے ۔ دورہ کے موقع پر ایسی کئی چیزیں ہوئیں۔ شیو سینا نے سوال کیا کہ آیا کانگریس کے کسی وزیر اعظم نے پاکستان کا دورہ کیا ہوتا تو کیا بی جے پی اس کا خیر مقدم کرتی؟ شیو سینا نے یاد دلایا کہ اڈوانی نے پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی ستائش کی تو واپسی کے بعد ان کا سیاسی مستقبل زوال پذیر ہوگیا، اسی طرح واجپائی نے لاہور بس سرویس شروع کی اور آگرہ میں جنرل پرویز مشرف کا خیر مقدم کیا ، جس کے بعد بی جے پی مرکز میں ان کی قیادت میں دوسری میعاد حاصل نہ کرسکی ۔ پارٹی نے اداریہ میں مزید لکھا کہ پاکستان کی سر زمین لعنتی ہے اور اسے چومنا مہنگا ثابت ہوگا کیونکہ وہ لاکھوں بے قصور ہندوستانیوں کے خون سے رنگی ہوئی ہے ۔

Shiv Sena warns Narendra Modi, calls Pakistan cursed land

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں