پاکستان کے ایک سرکاری دفتر پر خود کش دھماکہ - 26 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-30

پاکستان کے ایک سرکاری دفتر پر خود کش دھماکہ - 26 ہلاک

اسلام آباد
رائٹر، پی ٹی آئی
پاکستان کے شمال مغر بی صوبہ خیر پختونخوا کے مردان ٹاؤن میں ایک سرکاری دفتر پر خود کش بمبار کے حملہ میں کم از کم26افراد ہلاک اور40دیگر زخمی ہوگئے ۔ عہدیداروں نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور نے نیشنل ڈاٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھاریٹی( نادرا) کو نشانہ بنایا جو عام طور پر سرکاری شناختی کارڈ جاری کرنے کی ذمہ داریاں انجام دیتی ہے ۔ پولیس آفیسر نعیم خان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ایک خود کش بمبار دھماکو خیز اشیاء سے لدی موٹر سیکل پر سوار آیا اور اس نے مردان میں نادرا دفتر سے اپنی موٹر سیکل کو ٹکرادیا۔ یہاں لمبی قطار میں افراد شناختی کارڈس حاصل کرنے کھڑے تھے۔ بادشاہ خان میڈیکل کامپلیکس کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ذوالفقار درانی نے بذریعہ ٹیلی فون بتایاکہ اب تک22نعشیں نکالی جاچکی ہیں ، اور40زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے ۔ نادرا کے ایک ملازم محمد طارق نے بتایا کہ وہ دھماکہ کے وقت دفتر کے احاطہ میں ہی موجود تھے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہم ہنوز دفتر میں پھنسے ہوئے ہیں حالانکہ پولیس اور بچاؤ کار ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں مصروف ہیں ۔ پی ٹی آئی کے بموجب بمبار نے اپنی کمر میں دھماکو خیز اشیاء کی پٹی باندھ رکھی تھی ۔ ایجنسی نے یہ بھی بتایا کہ مقام واردات پر چاروں طرف انسانی جسمانی اعضاء بکھرے پڑے دیکھے گئے ۔ مردان ڈیویژن ڈپٹی انسپکٹر جنرل سعید وزیر نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا۔ ضلع پولیس آفیسر نے بتایا کہ فی الوقت دھماکہ کی نوعیت کا تعین مشکل ہے ۔ بموں کو ناکارہ بنانے والی یونٹ نے مقام دھماکہ پر کہا کہ کم از کم8تا10کلو دھماکو اشیاء استعمال کی گئیں ۔ ڈان نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان سے علیحدہ شدہ ایک مختصر گروپ جماعت الاحرار نے قبول کرلی ہے ۔ جماعت الاحرار گزشتہ سال کے واگھا باڈر بلاسٹ میں بھی ملوث رہی ہے ۔ مردان میڈیکل کامپلیکس کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ۔

Pakistan blast: Suicide bombing kills 26, wounds 45 in Mardan city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں