پٹرول اور ڈیزل کی اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ ، اپوزیشن کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-17

پٹرول اور ڈیزل کی اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ ، اپوزیشن کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں جاری گراوٹ کا فائدہ اٹھانے کے مقصد سے حکومت نے آج ڈیڑھ ماہ سے بھی کم وقت میں دوسری مرتبہ پٹرول پر اکسائز ڈیوٹی میں30پیسے فی لیٹر اور ڈیزل پر1.17روپے فی لیٹر کا اضافہ کردیا، جس سے عوام کی جیب پر بھاری بوجھ پڑے گا لیکن سرکاری خزانہ میں2500کروڑ روپے کا اضافہ ہونے کی امید ہے ۔ اپوزیشن نے حکومت کے فیصلہ پر سخت تنقید کی ہے ۔ قبل ازین حکومت نے7نومبر کو پٹرول کے اکسائز ڈیوٹی پر1.60روپے فی لیٹر اور ڈیزل میں30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ اس سے31مارچ کو ختم ہونے والے مالی2015-16ء میں حکومت کی آمدنی پر2500کروڑ کا مزید اضافہ ہوگا۔ اس اضافہ سے غیر برانڈ پٹرول پر عائد اصل اکسائز ڈیوٹی7.06روپے سے بڑھ کر7.36روپے فی لیٹر اور غیر برانڈیڈ ڈیزل پر 4.66روپے سے بڑھ کر5.83روپے فی لیٹر ہوگئی ہے ۔ اس طرح پٹرول پر ایڈیشنل اور اسپیشل اکسائز ڈیوٹی موجودہ19.06روپے سے بڑھ کر19.36روپے فی لیٹر اور ڈیزل کا 10.66روپے سے بڑھ کر11.83روپے فی لیٹر ہوگیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کے حکومت کے فیصلہ پر تنقید کے جواب میں حکومت نے دلیل دی ہے کہ اس اضافہ سے اسے ترقیاتی کاموں اور مالی کسارہ کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔ راجیہ سبھا میں اس معاملہ پر اپوزیشن نے ہنگامہ کیا۔ کانگریس کے آنند شرما نے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتیں کافی نیچے آگئی ہیں اور حکومت اس کا فائدہ صارفین کو نہیں دے رہی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ گزشتہ سال بین الاقوامی مارکٹ میں خام تیل کی قیمت111ڈالر فی بیارل تھا جو اب گھٹ کر35ڈالر فی بیارل ہوگئی ہے جب کہ پچھلے سال پٹرول کی قیمت ملک میں71روپے فی لیٹر تھی جو اب بھی65رپوے فی لیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ سے88ارب ڈالر کی بچت کی لیکن اس کا فائدہ صارفین اور عام لوگوں کو دینے کے بجائے الٹا ان پر بوجھ بڑھارہی ہے ۔ جیٹلی نے کہا کہ یہ معاملہ اٹھانے والی کانگریس پٹرول اور ڈیزل کی معیشت کو ا ن سے بہتر جانتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے جو بھی سبسیڈی دی جاتی ہے اسکی پا بجائی ٹیکس کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں20مرتبہ اور ڈیزل کی قیمت میں16مرتبہ کٹوتی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اکسائز ڈیوٹی میں اضافہ میں سے42فیصد ریاستوں کو دیاجاتا ہے اور اس کے علاوہ ریاستیں اپنی طرف سے ویاٹ بھی لگاتے ہیں۔ جیٹلی نے کہا کہ خام تیل میں گراوٹ ہونے کی صورت کا فائدہ ہندوستان کو اٹھانا ہے اور حکومت اس سمت میں قدم اٹھارہی ہے ۔


Opposition demands rollback of excise duty hike in petrol

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں