ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ کی تقریبات کا انعقاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-25

ملک بھر میں عید میلادالنبیؐ کی تقریبات کا انعقاد

نئی دہلی
یو این آئی
پیغمبر محمد ﷺ کی سالگرہ کے موقع پر عید میلادالنبیؐ کی تقریبات کا انعقاد آج دارالحکومت دہلی سمیت پورے ملک میں جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔ اس دوران بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ جلوس نکالے گئے ۔ دہلی کے مختلف علاقوں میں عید میلادالنبیؐ کے موقع پر لوگوں میں صبح سے ہی جوش و خروش دیکھاگیا ۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں عید میلادالنبیؐ کے موقع پر خصوصی نمازیں ادا کی گئی اور خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔ ریاست کی تمام مساجد کو سجایا گیا ۔ پرانے حیدرآباد کی گلیوں کو سبز رنگ کے جھنڈے اور رنگ، برنگے بلب لگائے گئے۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے لوگوں کو عید میلادالنبیؐ کی مبارک باد دی ۔ پڈوچیری میں لوگوں نے عید میلادالنبیؐ کی تقریبات کا انعقاد مذہبی جوش و خروش کے ساتھ کیا۔ پڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر اے کے سنگھ، وزیر اعلیٰ این رنگا سوامی، ان کی کابینہ کے رفقاء لوک سبھا کے رکن آررادھاکرشنن اور مختلف سیاست جماعتوں کے رہنماؤں نے لوگوں کو عید میلادالنبیؐ کی مبارکباد دی ۔ لکھنو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق حضرت محمد ﷺ کے پیغام کو جاننے اور اس پر عمل کرنے کا خاص دن بارہ وفات آج اتر پردیش میں پورے احترام اور سادگی سے منایا گیا۔ راجدھانی لکھنو، کانپور، الہ آباد، علی گڑھ اور میرٹھ سمیت ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں اس مقدس موقع پر جلوس نکالے گئے اور مسجدوں میں دعائیں مانگی گئیں ۔ اس دوران سیکوریٹی کے سخت بندوبست کئے گئے تھے۔ مہاراشٹر کے مراٹھ واڑہ علاقے کے8اضلاع میں لوگوں نے عید میلادالنبیؐ کا تہوار منایا ۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے لوگوں کو عید میلادالنبیؐ کی مبارکباد دی ۔ راجستھان کے بھرت پور میں مسلم برادری کی جانب سے پیغمبر محمدﷺ کی سالگرہ کے موقع پر جلوس نکالا گیا ۔ یہ جلوس کمھیر گیٹ سے ہوتے ہوئے چاند پول گیٹ پر واقع مسجد تک نکالا گیا جس کا جگہ جگہ خیر مقدم کیا گیا۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لوگوں کو عید میلادالنبیؐ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات انسانی معاشرے کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے تھیں ۔ وہ رحمت اللعالمین تھے۔ ان کا پیغام محبت ، رواداری ، امن اور عالمی بھائی چارہ کا تھا۔ دنیا بھر کی طرح وادی کشمیر میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت یعنی عید میلادالنبیؐ کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت و احترام اور اسلامی جذبے کے ساتھ منائی گئی ۔ جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا، وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید اور مختلف جماعتوں کے رہنماؤں نے لوگوں کو عید میلادالنبیؐ کی مبارکبا دی۔

Miladun Nabi (SAW) celebrated across the country

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں